صدر مملکت نے حلقہ این اے 19 ہری پور میں ضمنی انتخاب کیلئے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کیلئے اپیلٹ ٹربیونل کی منظوری دیدی

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی عمرہ کی ادائیگی کیلئے 11 دنوں کی رخصت اورجسٹس سید طاہرہ صفدر کو بلوچستان ہائی کورٹ کی قائم مقام چیف جسٹس مقرر کرنے کی سمری بھی منظور

جمعرات 2 جولائی 2015 20:41

اسلام آباد ۔ 2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 19 ہری پور میں ضمنی انتخاب کیلئے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے لئے اپیلٹ ٹربیونل کی منظوری دے دی۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی سمری وزیراعظم کی سفارش پر منظور کی گئی جس کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کے جج صاحبان جسٹس لال جان خٹک اور جسٹس قلندر علی خان کو اپیلٹ ٹربیونل کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی عمرہ کی ادائیگی کے سلسلے میں 11 دنوں کی رخصت سے متعلق کابینہ ڈویژن کی ایک سمری بھی وزیراعظم کی سفارش پر منظور کی ہے۔ گورنر پنجاب 8 جولائی 2015ء سے 18 جولائی 2015ء تک ایکس پاکستان رخصت پر ہوں گے۔ اسی طرح صدر مملکت نے جسٹس سید طاہرہ صفدر کو بلوچستان ہائی کورٹ کی قائم مقام چیف جسٹس مقرر کرنے کی سمری بھی منظور کرلی۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد نور مسکن زئی جولائی کے آخری ہفتہ سے 16 اگست 2015ء تک عدلیہ سے متعلق ورکشاپ میں شرکت کے لئے بیرون ملک جائیں گے۔ اس عرصہ میں جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر قائم مقام چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے طور پر خدمات سرانجام دیں گی۔