جائیکا مارکیٹنگ شعبے میں گارمنٹس سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو تکنیکی تعاون فراہم کرے گا

جمعرات 2 جولائی 2015 20:41

اسلام آباد ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی(جائیکا)انٹرنیشنل مارکیٹنگ شعبے میں گارمنٹس سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو تکنیکی تعاون فراہم کرے گی۔ اس سلسلے میں جمعرات کو جے آئی سی اے ٹیم اور وزارت ٹیکسٹائل صنعت پاکستان کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔ سینئر ایڈوائزر جائکا تکا فومی جاپانی ٹیم اور سیکرٹری عامر مروت وزارت ٹیکسٹائل وفد کی قیادت کر رہے تھے۔

اجلاس کے دوران گارمنٹس انڈسٹری کیلئے سکل ڈویلپمنٹ اور بین الاقوامی مارکیٹوں تک رسائی کے حوالے سے منصوبے پر بحث کی گئی۔ منصوبے میں پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس ٹیکینکل انسٹی ٹیوٹ اور پی آر جی ٹی ٹی آئی کی استعداد کار میں اضافے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

جے آئی سی اے کے ماہرین ان اداروں کیلئے تربیت اور ضروری مشینری فراہم کرے گی۔

جاپانی ٹیم کے سربراہ نے اس موقع پر کہا کہ جائیکا نے آخری مرتبہ 1993ء میں پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کو تعاون فراہم کیا تھا۔ نئے منصوبے سے جے آئی سی اے اور وزارت ٹیکسٹائل و صنعت کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھل جائیں گی۔ سیکٹری وزارت ٹیکسٹائل صنعت عامر مروت نے ٹیکسٹائل صنعت کو تکنیکی تعاون کی فراہمی پر جے سی آئی اے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس منصوبے سے ٹیکسٹائل پالیسی1014-19ء کے اغراض و مقاصد حاصل کئے جائیں گے۔