مالی سال2015-16ء کے دوران ریونیو ڈویژن کے مختلف منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر33 کروڑ50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں

جمعرات 2 جولائی 2015 20:40

اسلام آباد ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) مالی سال2015-16ء کے دوران ریونیو ڈویژن کے مختلف منصوبوں کیلئے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام( پی ایس ڈی پی) کے تحت مجموعی طور پر33 کروڑ50 لاکھ91 ہزار روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ پی ایس ڈی پی کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے دوران ریونیو ڈویژن کے پہلے سے جاری 9 ترقیاتی منصوبوں کیلئے 29 کروڑ37 لاکھ 88 ہزار روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے جس میں 10 لاکھ روپے کی بیرونی امداد بھی شامل ہے جبکہ ڈویژن کے تین نئے منصوبوں کیلئے 4 کروڑ13 لاکھ 3 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق پہلے سے جاری منصوبوں کے تحت سب سے زیادہ بجٹ پاکستان میں ان لینڈ ریونیوکے دفاتر کے قیام کیلئے 12 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ نئے منصوبوں کے تحت آئندہ مالی سال کے دوران کراچی میں ماڈل کسٹمز کلیکشن سنٹر میں گودام کی تعمیرکیلئے ایک کروڑ53 لاکھ 3 ہزار روپے جبکہ اے ڈی بی بارڈر سروسز پراجیکٹ کی بہتری کے منصوبہ کے تحت( آئی ٹی ٹی ایم ایس) کے منصوبہ کیلئے ایک کروڑ10 لاکھ روپے اور گوادر ایم سی سی، اسلام آباد اور سرگودہا میں آر ٹی او کے دفاتر اور کراچی میں انوسٹی گیشن اور انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کی فزیبلٹی رپورٹ کی تیاری کیلئے ایک کروڑ50 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے جس میں10 لاکھ روپے کی غیرملکی امداد بھی شامل ہے۔