وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان کا ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ ،

ٹمبر مافیا کے حملے میں زخمی ہونے والے محکمہ جنگلات پنجاب کے افسر کی عیادت کی

جمعرات 2 جولائی 2015 20:35

راولپنڈی۔02 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء ) وفاقی وزیر برائے کلائمیٹ چینج مشاہد اللہ خان نے جمعرات کو ہولی فیملی ہسپتال میں زیر علاج محکمہ جنگلات پنجاب کے افسر ارشاد اللہ گوندل کی عیادت کی جنہیں چند دن قبل ٹمبر مافیا نے کہوٹہ کے علاقے بھون میں حملہ کر کے زخمی کر دیا تھا ۔ وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان نے ارشاد اللہ گوندل کی جلد صحت یابی کے لیے دعا اور ان کے لیے نیک تناؤں کا اظہار کیا ۔

اس موقع پر مشاہد اللہ خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وہ وزیر اعلی پنجاب سے محکمہ جنگلات کے حکام پر حملہ میں ملوث ٹمبر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کے لیے ازخود بات کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ جنگلات فطرت کا حسن ہیں اور قدرتی حسن کو تباہ کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہاکہ جنگلات کے کٹاؤ کے روک تھام کی جامع پالیسی کابینہ سے منظوری کے لیے رواں ماہ پیش کی جائے گی ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ جنگلات کے کٹاؤ کی روک تھام کے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کے افسر پر تشدد کے مرتکب 20افراد کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج ہو چکا ہے اور ان کے خلاف تمام ممکنہ اقدامات عمل میں لائے جائیں گے اور ٹمبر مافیا کو کٹہرے میں لایا جائے گا ۔ہولی فیملی ہسپتال کے دورے کے موقع پر وفاقی وزیر کے ہمراہ ایم این اے مریم اورنگزیب ،ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر محکمہ جنگلات پنجاب افتخار الحسن فاروقی ،ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر محکمہ جنگلات راولپنڈی ڈویژن ٹمبر عابد حسین گوندل محکمہ جنگلات پنجاب کے اعلی حکام بھی موجود تھے ۔

ڈی ایف او فارسٹ راولپنڈی افتخار الحسن فاروقی نے کہا کہ وفاقی وزیر کی جانب سے زخمی آفیسر کی عیادت سے محکمہ کے تمام افسران کا مورال بلند ہوا ہے اور انہیں نیا حوصلہ ملا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر اعلی سطح پر اسی طرح حوصلہ افزائی ہوتی رہے تو کسی بھی ادارے کی استعداد کار میں اضافہ ہوتا ہے ۔واضح رہے کہ چند دن قبل سب ڈویژنل فارسٹ آفیسر کلر سیداں ارشاد اللہ گوندل نے مخبر کی اطلاع پر کہوٹہ کے علاقے بھون میں 2فارسٹ گارڈز اور چوکیدار کے ہمراہ چھاپہ مار کر چوری شدہ لکڑی سے بھری ٹرالی پکڑی تھی ۔

جس پر ٹمبر مافیا کے 20سے22 افراد نے ایس ڈی ایف او ارشاد اللہ گوندل اور ان کی ٹیم پر حملہ کر دیا ۔حملے میں شدید زخمی ارشاد اللہ گوندل کو ٹمبر مافیا کے کارندوں نے پہاڑ سے نیچے گرا دیا ۔بعدا زاں زخمی آفیسر ارشاد اللہ گوندل کوہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں داخل کرا دیا گیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :