عوام کے جان ومال کا تحفظ اوران کی فوری دادرسی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے ،پولیس کو نئے تقاضوں اور عوامی آمنگوں پر پورا اترنا ہے ،پولیس نظام میں مجوزہ اصلاحات کا بنیادی محور عام آدمی ہے

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا پولیس نظام میں اصلاحات کت حوالے سے اجلاس میں خطاب کابینہ کمیٹی آئندہ سات روز میں پولیس نظام میں اصلاحات کے حوالے سے حتمی سفارشات پیش کرے،وزیراعلیٰ کی ہدایت

جمعرات 2 جولائی 2015 20:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں پنجاب کے پولیس نظام میں اصلاحات ،تھانہ کلچر کی تبدیلی اورپولیس کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی اولین ذمہ داری عوام کے جان ومال کا تحفظ اوران کی فوری دادرسی ہے۔

پولیس کو نئے تقاضوں اور عوامی امنگوں پر پورا اترنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تھانے میں عام آدمی کی فوری شنوائی ہونی چاہیے۔جرائم کی روک تھام اورجرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی بھی پولیس کے بنیادی فرائض میں شامل ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس نظام میں مجوزہ اصلاحات کا بنیادی محورعام آدمی ہے،جسکی تھانے میں دادرسی ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

پولیس میں احتساب کا کڑا نظام بھی ضروری ہے ۔

پولیس نظام میں بہتری کیلئے انتہائی سود مند تجاویز سامنے آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان تجاویز کی روشنی میں حتمی سفارشات پیش کی جائیں ۔کابینہ کمیٹی تمام تجاویز کا ہر پہلو سے جائزہ لیکرآئندہ سات روز میں حتمی سفارشات پیش کرے۔اجلاس کے دوران پولیس نظام میں اصلاحات کے حوالے سے متعدد تجاویز پیش کی گئیں اوران تجاویز پر تفیصل کے ساتھ غور وغوص کیا گیا۔صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خان،ایم این اے حمزہ شہباز،معاون خصوصی رانا مقبول احمد،ایم پی اے زعیم حسین قادری، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،متعلقہ سیکرٹریز اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔