اورنگی ،بلدیہ اور سائٹ زون کیلئے خریدی جانے والی نئی کچرہ گاڑیوں کا افتتاح

جمعرات 2 جولائی 2015 19:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء)حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی محبوب عالم ،سلمان مجاہد بلوچ ،سیف الدین خالد، اور شازیہ جاوید نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی سجاد احمد میمن اور میونسپل کمشنر اشفاق احمد ملاح کے ہمراہ اورنگی ،بلدیہ اور سائٹ زون کیلئے خریدی جانے والی نئی کچرہ گاڑیوں کا افتتاح کیا افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حق پرست اراکین اسمبلی نے اس عزم کا اظہار کیاکہ وہ بلدیہ غربی میں رہائش پذیر عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کیلئے انتظامیہ بلدیہ غربی کے شانہ بشانہ جدوجہد جاری رکھیں گے انہوں نے ایڈمنسٹریٹر و میونسپل کمشنر کی جانب سے صفائی ستھرائی کے حوالہ سے کیئے جانے والے اقدامات اور نئی کچرہ گاڑیوں اور چنگ چی گاربیج رکشہ اسکوٹروں کی خریداری پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ نئی مشینری و گاڑیوں کی خریداری سے صفائی ستھرائی اور کچرے کی منتقلی کے کام مزید بہتر انداز میں انجام دیئے جاسکیں گے اوررہائش پذیر عوام بھی بلدیہ غربی میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے واضع تبدیلی محسوس کریں گے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر نے نئی خریدی جانے والی گاڑیوں کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہائیڈرولک سسٹم سے مذین 1000سی سی کی یہ چھوٹی گاڑیاں تنگ گلیوں سے کچرے کی منتقلی کیلئے کافی سود مند ثابت ہونگی اس کے علاوہ صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے اورنگی ،بلدیہ اور سائٹ زون کیلئے 15چنگ چی گاربیج رکشہ اسکوٹر بھی خریدے گئے ہیں ورکشاپس میں موجود ناکارہ گاڑیوں کو مرمت و درستگی کے بعد اسکواڈ میں شامل کردیا گیا ہے جبکہ میونسپل کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلدیہ غربی پورے سندھ میں وہ واحد ادارہ ہے جس نے تنگ گلیوں سے کچرہ وملبہ کی منتقلی کیلئے جدید خودکار نظام سے آراستہ گاڑیاں اپنے وسائل سے خریدی ہیں۔