جمہوریت کے خلاف سازشی عناصر اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہو رہے ہیں،مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر

جمعرات 2 جولائی 2015 19:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ مارشل لا کو دعوت دینے والوں کو سیاست سے تائب ہوجانا چاہئیے․ جمہوریت کے خلاف سازشی عناصر اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو اپنے ایک بیان میں نے کہا کہ پاکستان میں بندوق کی سیاست کا دور ختم ہوچکا مارشل لا کے خواب دیکھنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا․ 2013کے عام انتخابات کا موازنہ 1977 کے انتخابات سے کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) تیسری بار عوام کے ووٹ کے ساتھ اقتدار میں آئی ہے دھاندلی کے اسل کردار وہ ہیں جنہیں پہلی بار اقتدار نصیب ہوا․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ قوم کے ساتھ جھوٹ بولنے پر عمران خان معافی مانگیں اور دھرنے کی مدت میں ہونے والے قومی نقصانات کا ہرجانہ ادا کریں․ خود کو وزیر اعظم سمجھنے والے خان صاحب کی جھوٹ اور گمراہی کی سیاست کے لئے پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں․پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے تحریک انصاف کی قیادت کی طرف سے خونی انقلاب کی دھمکیوں کو اعلی عدالتوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جمہوریت دشمنی کھل کر واضح ہو گئی ہے․ پاکستان میں اقتدار کے لئے مارشل لا کو دعوت دینے والوں کی طویل فہرست میں عمران خان کا نام بھی شام ہو گیا ہے لیکن پاکستان کے جمہوریت پسند عوام اور ملک کی جمہوری قوتیں تحریک انصاف اور ان کے ہمنواؤں کی خواہشات کو کبھی پورا نہیں ہونے دیں گی․ پاکستان میں ہر دور میں ایسی نام نہاد سیاسی قوتیں سر اٹھاتی رہی ہیں جن کے پاس اقتدار تک پہنچنے کا کوئی راستہ نہیں ہوتا لیکن وہ ایسے حالات پیدا کردیتی ہیں جن کا فائدہ غیر جمہوری قوتیں اٹھاتی ہیں ․ علی اکبر گجر نے کہا کہ اب ماضی دوبارہ واپس نہیں آئے گا․ ملک کے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ادا کر رہے ہیں․ پاکستان کی تمام سیاسی قوتیں جمہوریت کے استحکام کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ساتھ کھڑی ہیں․ تحریک انصاف دو سالوں سے قوم کے ساتھ جس تواتر کے ساتھ جھوٹ بول رہی ہے وہ اب قوم کے سامنے بے نقاب ہو رہے ہیں․ جوڈیشل کمشن کے سامنے جھوٹ اور سچ کے نے نقاب ہونے کے بعد تحریک انصاف انقلاب اور مارشل لا کی دھمکیوں پر اتر آئی ہے․ عمران خان کی طرف سے مارشل لا کی دھمکیاں مسلح افواج کو بدنام کرنے سازش ہیں جس کا بھرپور جمہوری طریقے سے مقابلہ کیا جائے گا اور ضرب عضب میں مصروف پاکستان کی مسلح افواج کی کامیابیوں کا راستہ روکنے والوں کا راستہ روکا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :