38 ارب 12 کروڑ کی وصولی محکمہ ایکسائز کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، گیان چند اسرانی

ٹیکس ریکوری کی سالانہ رپورٹ پر صوبائی وزیر نے افسران کی کارکردگی کو سراہا

جمعرات 2 جولائی 2015 19:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ‘ جنگلات و جنگلی حیات و اقلیتی امور گیان چند اسرانی نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا رواں سال کے ہدف سے 105 فیصد ٹارگٹ حاصل کرنا محکمہ کے افسران و عملہ کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل آفس سے سالانہ ٹیکس کے اہداف کی مفصل رپورٹ موصول ہونے پر صوبائی وزیر نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسی طرح محکمہ کے افسران اپنے اہداف کو مکمل کرتے رہے تو محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن دوسرے صوبوں کے لئے ایک مثالی محکمہ ہوگا ۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ موجودہ سال کا ہدف 36 ارب روپے تھا جسے 105 فیصد حاصل کرلیا گیا جو کہ 38123.081 ارب بارہ کروڑ روپے ہے جس میں تین ارب تیرہ کروڑ کی بنک گارنٹی بھی شامل ہے ۔

(جاری ہے)

موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 4161.610 ملین روپے حاصل کیا گیا جو کہ پچھلے سال کی نسبت 203.31 ملین زائد ہے ۔ ایکسائز ان ایکٹمنٹ کی مد میں 3928.230 ملین روپے ہدف کی وصولی ہوئی جو کہ 327.344 ملین روپے پچھلے سال کی نسبت زائد ہے ۔

انفرا اسٹرکچر سیس میں 24540.230 ملین حاصل ہوئے جو کہ پچھلے سال سے 2137.619 ملین زیادہ ہیں ۔ جبکہ کاٹن فیس کی مد میں 159.732 ملین کی وصولی ہوئی جو پچھلے سال کی نسبت 5.945 ملین زیادہ ہے ۔ پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 327.596 ملین حکومتی خزانہ میں جمع ہوئے جوکہ پچھلے سال کی نسبت 24.050 ملین زائد ہے ۔ پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 1820.819 ملین کی وصولی ہوئی جو پچھلے سال کی نسبت 1.943 ملین زائد ہے ۔

انٹر ٹینمنٹ ڈیوٹی کی مد میں 48.020 ملین حاصل ہوئے جس میں 2.954 ملین زائد ہیں ۔ ہوٹل ٹیکس کی مد میں 2.236 ملین روپے کی وصولی عمل میں لائی گئی ۔ ٹوٹل ریکوری کی مد میں 2701.515 ملین روپے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے وصول کئے جس میں بنک گارنٹی شامل نہیں ہے جو رواں سال کے موجودہ ہدف کا 97 فیصد ہوتا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کارکردگی دکھانے والے افسران کے لئے سستا ئشی سرٹیفکٹس دینے کا بھی اعلان کیا ۔