ڈینگی وائرس اور ملیریا کے پھیلاؤ کے تدارک کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں ،جام مہتاب حسین ڈھر

جمعرات 2 جولائی 2015 19:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ محکمہ صحت سندھ نے شہر میں ڈینگی وائرس اور ملیریا کے پھیلاؤ کے تدارک کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں اور جلد ہی دوبارہ کراچی کے 16 بڑے نالوں اور 600 سے زائد چھوٹے نالوں میں ڈینگی اور ملیریا کنٹرول اور لاروا کے خاتمے کے لئے اسپرے شروع کیا جائے گا ۔

یہ بات آج انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت سندھ کے اقدامات صرف اخباری بیانات تک محدود نہیں ہیں بلکہ عملی اقدامات کئے جارہے ہیں اور تمام سرکاری ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو معیاری بنایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور تنقید برائے تنقید کے بجائے محکمہ صحت سندھ کے مثبت اقدامات کو سراہنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے بحیثیت وزیر خود گندے نالوں میں جاکر ڈینگی وائرس اور ملیریا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اسپرے کیا ہے ۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے سول ہسپتال حیدرآباد میں لیڈی ڈاکٹر کی لاپرواہی کے نتیجہ میں ماں اور بچے کی ہلاکت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سول ہسپتال حیدرآباد کے ایم ایس ڈاکٹر خالد قریشی کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر واقع کی انکوائری کریں اور لاپرواہی کی مرتکب لیڈی ڈاکٹر کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کا تدارک ہوسکے ۔

انہوں نے پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو یقین دلایا کہ مذکورہ واقع کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائے گی اور جو بھی اس میں ملوث ہوا وہ احتساب کے عمل سے گزرے گا ۔

متعلقہ عنوان :