پل کے خستہ حال ہونے سے متعلق باتیں بے بنیاد ہیں ٹرین حادثے میں کوئی اور ہاتھ ملوث ہے، حادثے سے سوا گھنٹہ پہلے پٹری کو چیک کیا گیا، حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو سکتی ہے،72 گھنٹوں میں حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آجائیگی

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 2 جولائی 2015 19:06

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پل کے خستہ حال ہونے سے متعلق باتیں بے بنیاد ہیں، لگتا ہے ٹرین حادثے میں کوئی اور ہاتھ ملوث ہے، سوا گھنٹہ پہلے پاکستان ایکسپریس گزرنے سے پہلے ٹریک کو چیک کیا گیا، حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو سکتی ہے،72 گھنٹوں میں حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آئے گی۔

وہ جمعرات کو ٹرین حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین پنوں عاقل سے فوجیوں کو لے کر کھاریاں جا رہی تھی اس کے گزرنے سے سوا گھنٹہ قبل پاکستان ایکسپریس یہاں سے گزری ، اس سے پہلے ٹریک کو چیک کیا گیا تھا جس میں پل کے خستہ حال ہونے کے حوالے سے کوئی بات سامنے نہیں آئی، اس سے معلوم ہوا کہ پل کے خستہ حال ہونے سے متعلق باتیں بے بنیاد ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایکسپریس کے ڈرائیور نے بھی کسی قسم سے متعلق کنٹرول روم کو اطلاع نہیں دی، لگتا ہے کہ ٹرین حادثے میں کوئی اور ہاتھ ملوث ہے، بہر حال حادثے کی ابتدائی رپورٹ اج رات تک جاری کر دی جائے گی اور تمام شواہد عوام کے سامنے لائیں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ٹوٹنے والے پل کا جنوری اور دسمبر میں معائنہ ہوا تھا، ٹریک کی جانچ پڑتال کا عمل بھی روزانہ کی بنیادپر کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی ادارے اور پاکستان ریلویز کے انجینئر حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں جو بہتر رپورٹ دے سکتے ہیں، خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پانی میں ڈوبنے والے مسافروں کیلئے غوطہ خور ریسکیو آپریشن کر رہے ہیں، خدشہ ہے جہ حادثے میں 12 سے 14افراد شہید ہوئے ہیں

متعلقہ عنوان :