وزیراعلیٰ پنجاب کی دعوت پر کیوبا کی وزارت صحت کا دورکنی وفد لاہور پہنچ گیا،مشیر صحت اور سیکرٹری صحت سے ملاقات

پرائمری ہیلتھ کو بہتر بنانے میں کیوباکے تجربہ سے استفادہ کریں گے، خواجہ سلمان رفیق

جمعرات 2 جولائی 2015 18:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء ) وزیراعلی پنجاب محمد شہبا ز شریف کی دعوت پروزارت صحت کیوبا کا 2 رکنی وفد لاہور پہنچ گیا۔ وفد نے جمعرات کے دن سول سیکرٹریٹ میں مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے ملاقات کی۔ سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز، پالیسی اینڈ سٹرٹیجک پلاننگ یونٹ(PSPU)کے ڈائریکٹر علی بہادر قاضی، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ برائے مربوط پروگرام مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز احمد شیخ اور ہیلتھ سپیشلسٹ ڈاکٹر نعیم الدین میاں بھی موجود تھے۔

کیوبا کے وفد میں ڈاکٹر ہرنین(Dr. Harnain) اور ہیلتھ ایڈوائزرڈاکٹر ڈی آلڈو(Dr. De Aldo) شامل ہیں۔کیوبن وزارت صحت کے وفد نے اپنے ملک کے پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کے بارے میں مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور دیگر شرکاء اجلاس کو بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ کیوبا کے ہیلتھ سسٹم کو دنیا کا بہترین ہیلتھ ڈلیوری سسٹم ہونے کا اعزاز حاصل ہے اور پنجاب گورنمنٹ صوبے کے پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کی خامیوں کو دور کرنا اور متحرک و موثر ہیلتھ کیئر سسٹم بنانا چاہتی ہے تاکہ مریضوں کو نا صرف علاج معالجہ کی سہولیات بہم میسر آ سکیں بلکہ بیماریوں کی روک تھام(Prevention) اور بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام EPI کو موثر بنا کر بچوں کی شرح اموات کوکنٹرول اور مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کو مضبوط بنا کر دوران زچگی ماں اور نومولود کی شرح اموات پر قابو پایا جا سکے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ کیوبانے اپنے ہیلتھ سسٹم کو بہت موثر اور فعال بنایا ہے جس کی وجہ سے کیوبا کے ہیلھ انڈیکٹرز قابل رشک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیوبا کا وفد پنجاب کے ہیلتھ کیئر ڈلیوری سسٹم کو بہتربنانے کے لئے جو سفارشات پیش کرے گا ان سے استفادہ کیا جائے گا۔ کیوبا کاوفد جمعہ کے دن وزیراعلی محمد شہبازشریف سے بھی ملاقات کرے گا اور وزیراعلی کے ساتھ پنجاب کے ہیلتھ کیئر ڈلیوری سسٹم کو بہتر بنانے کے سلسلے میں تبادلہ خیال کرے گا۔