وزیر تعلیم پنجاب کی صدارت سکولوں کی خطرناک عمارتوں کی تعمیر کے حوالے سے قائم سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس

پنجاب بھر میں موجود سکولوں کی خطرناک عمارتوں کی تعمیر کے لئے بجٹ میں ساڑھے آٹھ ارب روپے مختص کئے گئے ،خستہ حال عمارتوں کا تعین کر لیا گیا ہے ، جلد تعمیر شروع کی جائے گی ‘ وزیر تعلیم رانا مشہود احمد کا خطاب پنجاب میں سکولوں کی 892 عمارتیں مکمل جبکہ 2638 عمارتیں جزوی طور پر متاثرہ ہیں ‘ سیکرٹری سکولز کی بریفنگ

جمعرات 2 جولائی 2015 18:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے تعلیم کے لئے بجٹ میں ریکارڈ 27 فیصد رقم مختص کی ہے جس سے معیار تعلیم کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی ، صوبہ بھر میں موجود سکولوں کی خطرناک عمارتوں کی تعمیر کے لئے ساڑھے آٹھ ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے ،ایسے سکولوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور جلد ان کی تعمیر شروع کر دی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکولوں کی خطرناک عمارتوں کے تعین اور تعمیر کے حوالے سے قائم سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پیف انجینئر راجہ قمر الاسلام، سیکرٹری سکول عبدالجبار شاہین، سپیشل سیکرٹری سکولز احمد علی کمبوہ اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے تمام وسائل مہیا کر رہی ہے۔

سکولوں میں عدم دستیاب سہوتوں کی فراہمی اور انرولمنٹ بڑھانے کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ سکولوں کی خطرناک عمارتوں کی تعمیر کا کام جلد شروع کیا جائے گا اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔تعمیر کے کام میں شفافیت کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا۔ سیکرٹری سکولز نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں 892سکولوں کی عمارتیں مکمل جبکہ 2638 عمارتیں جزوی طور پر متاثرہ ہیں- ان عمارتوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور اس ضمن میں ضلعی کمیٹیوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔

قبل ازیں وزیر تعلیم نے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں فروغ تعلیم کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ہونے والے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی ۔ وزیرتعلیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فروغ تعلیم کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ نجی اداروں اور این جی اوز کا تعاون بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔ وزیر تعلیم نے ہدایت کی کہ سکولوں میں طلبہ کو ہم نصابی سرگرمیوں اور کھیلوں کی بہترین سہولتیں مہیا کی جائیں اور آئی ٹی لیبز کو جلد فعال بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :