ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی سیدصلاح الدین احمد کا نیپا تا صفورہ صفائی مہم کے کاموں کا تفصیلی معائنہ

جمعرات 2 جولائی 2015 17:20

کراچی((اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء))ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ کو ماڈل روڈ بنانے کیلئے روڈ کے اطراف سے چند دنوں میں ہی کچرے کو صاف کردیا جائیگا جبکہ صاف ستھرے اور صحت مند ماحول کے قیام کیلئے ضلع شرقی میں کم از کم تین دن خصوصی صفائی مہم کا انعقاد کیا جارہا ہے جس سے بلدیہ شرقی میں صٖفائی ستھرائی کے نظام میں مستقل بنیادوں پر بہتری آسکے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپرنٹینڈنگ انجنیئر فضل محمود گل اورایکسی این بی اینڈ آر توقیر عباس کے ہمراہ نیپا تا صفورہ تک جاری صفائی مہم کے کاموں کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد نے ایڈمنسٹریٹر سید صلاح الدین احمد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سید صلاح الدین احمد نے عوام کے بنیادی بلدیاتی مسائل کو سمجھا اور انہیں بالترتیب حل کرایا ہے اس کیلئے ہم ان کے بہت مشکور ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ صفائی مہم میں سالڈ ویسٹ کا عملہ شفٹوں میں تعینات ہوکر صفائی ستھرائی کے امور مشینری اور ہینڈ لیبر کے ذریعے انجام دے رہا ہے جبکہ نائٹ سوئپنگ کا بھی جلد آغازکر دیا جائیگا۔

ایڈمنسٹریٹر سید صلاح الدین احمد نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صفائی مہم میں یونیورسٹی روڈ کے اطراف سے جھاڑیوں کی کٹائی اور ملبے کو بھی صاف کیا جائے اور کچراکنڈیوں سے کچرا فی الفور گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن منتقل کیا جائے انہوں نے نئی کچرا کنڈیوں کی تعمیر کی بھی ہدایت دیں ۔بعد از اں سپرنٹینڈنگ انجنیئر فضل محمود گل نے ایکسی این بی اینڈ آر توقیر عباس کے ہمراہ بلدیہ شرقی میں ہیٹ اسٹورک کے متاثرین کیلئے ریلیف کیمپس کا بھی معائنہ کیا۔