نیب نے مجھے کوئی نوٹس بھیجا نہ ہی کوئی بیان ریکارڈ کیا گیاہے،پیر مظہر الحق

میڈیا میں اس ضمن میں آنیوالی تمام خبریں من گھڑت اور جھوٹے پروپیگنڈہ کا حصہ ہیں،رہنما پیپلزپارٹی

جمعرات 2 جولائی 2015 17:20

کراچی ((اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء))ا پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور صابق صوبائی وزیر تعلیم پیر مظہرالحق نے کہا ہے کہ نہ ہی نیب نے مجھے کوئی نوٹس بھیجا ہے اور نہ ہی کوئی بیان ریکارڈ کیا ہے․ میڈیا میں اس ضمن میں آنے والی تمام خبریں من گھڑت اور جھوٹے پروپیگنڈہ کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے گذشتہ دور میں ،میں نے وزیر تعلیم کی حیثیت سے بہت کام کیا لیکن افسوس کہ میڈیا کا کچھ حصہ اس کے برعکس رپورٹ نشر و شائع کر رہا ہے․ انہوں نے کہا کہ سندھ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اساتذہ کی بھرتیاں میرٹ پر تھرڈ پارٹی کی توسط سے کرانے سمیت ایڈہاک لیکچررازم کا خاتمہ کرکے سندھ پبلک سروس کمیشن کے توسط سے ہزاروں لیکچررز بھرتی کروائے جبکہ اسی دور میں تین ہزار سے زائد بند اسکول کھلوانے سمیت 11 سو نان وائیبل اسکولوں کا سسٹم سے خاتمہ کروایا جبکہ سندھ اسمبلی سے قانون سازی کے ذریعے بہت سارے تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لائے․ انہوں نے کہا کہ کراچی میں سندھی زبان کے اساتذہ کی خالی اسامیوں پر بھرتی کے لیے محکمہ تعلیم سندھ نے مختلف بڑے اخبارات میں اشتہارات شائع کرواکر امیدواروں سے ٹیسٹ اور انٹرویوز لیے اور بعد میں کامیاب امیدواروں کوتقررنامے جاری کیے لیکن کچھ افسران نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کرکے حد سے زائد بھرتیاں کیں․ نشاندہی پر میں نے بروقت وزیراعلی سندھ کو تحریری طور پر آگاہ کرتے ہوئے محکمہ جاتی کاروائی کے لیے لکھا جنہوں نے فوری نوٹس لے کر مذکورہ افسران کو معطل کرکے محکمہ جاتی کاروائی کا حکم دیا جس کے تمام دستاویزی ثبوت میرے پاس موجود ہیں․ پیر مظہرالحق نے کہا کہ میڈیا کا کچھ حصہ میرے خلاف مسلسل من گھڑت اور جھوٹا پروپیگنڈہ کررہا ہے ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے ، خاص طور پر وہ میڈیا گروپ جن کے پاس گھوسٹ اساتذہ کام کر رہے ہیں میں نے ہی مذکورہ گھوسٹ اساتذہ کے خلاف سندھ اسمبلی کے فلور پر ان کے ناموں کی فہرست ظاہر کی جس پریہ افراداب تک میرے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کررہے ہیں۔