Live Updates

گریٹر اقبال پارک پراجیکٹ پر عملدرآمد کیلئے علیحدہ اتھارٹی بنانے کا فیصلہ،تمام امورآؤٹ سورس کیے جائینگے‘ شہباز شریف

تحریک پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے گریٹر اقبال پارک پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے تاریخی اہمیت کے حامل اس منصوبے پر برق رفتاری سے کام کیا جائے گا،منصوبہ سٹیٹ آف دی آرٹ ہوگا‘ وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے پاکستان کے تاریخی ورثہ کو نئی نسلوں تک پہنچانے کیلئے بہت شاندار منصوبہ بنایا ،ہرممکن تعاون کرینگے‘ترک ماہرین

جمعرات 2 جولائی 2015 17:11

لاہور ( (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گریٹر اقبال پارک پراجیکٹ کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گریٹر اقبال پارک پراجیکٹ تحریک پاکستان اور اس کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔

تاریخی اہمیت کے حامل اس منصوبے پر برق رفتاری سے کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور یہ منصوبہ سٹیٹ آف دی آرٹ ہوگا۔ منصوبے پر عملدرآمد کیلئے علیحدہ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک پاکستان کے حوالے سے میوزیم بھی بنایا جائے گا جس میں تحریک پاکستان کے ہیروز کی تصاویر آویزاں کی جائیں گی اور تحریک پاکستان کے اغراض و مقاصد کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی پروگرامز بھی منعقد ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک پراجیکٹ کے تحت عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ تفریحی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ پارک میں ٹرین چلے گی اور بگھی بھی جبکہ بچوں کے کھیلنے کیلئے علیحدہ جگہ مختص ہوگی۔پارک میں اوپن ائیر جم بھی بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تمام امور آؤٹ سورس کئے جائیں گے۔شفافیت اور اعلیٰ معیار یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ لازم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ گریٹر اقبال پراجیکٹ نہ صرف لاہور کی ثقافت اور تاریخی ورثے کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا بلکہ نئی نسل کو تحریک پاکستان کی اہمیت اور قومی ہیروز کی کاوشوں اور قربانیوں سے آگاہ کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پورے منصوبے کی جدید اور قدیم انداز سے لینڈ سکیپنگ کی جائے گی جبکہ گریٹر اقبال پارک پراجیکٹ میں ایک جھیل بھی بنے گی۔

ترک ماہرین نے گریٹر اقبال پارک پراجیکٹ کے حوالے سے ماسٹر پلاننگ کی تعریف کرتے ہوئے اس منصوبے کے حوالے سے منصوبہ بندی کوشاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پاکستان کے تاریخی ورثہ کو نئی نسلوں تک پہنچانے کیلئے بہت زبردست منصوبہ بنایا ہے اورہم وزیراعلیٰ شہبازشریف کے اس عظیم منصوبے کے حوالے سے ویژن کے قائل ہوئے ہیں۔

ترک ماہرین نے گریٹر اقبال پارک پراجیکٹ کے حوالے سے ہرممکن تعاون فراہم کرنے کی یقینی دہانی کرائی۔ چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، وائس چیئرمین پی ایچ اے افتخار احمد، ڈی جی لاہور والڈ سٹی پراجیکٹ، سیکرٹری ہاؤسنگ، کمشنر لاہور و ڈی سی او لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی جی پی ایچ اے، ایم ڈی نیسپاک اور ترک ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات