گوجرانوالہ ،فوجی جوانوں کی ٹرین نہر میں جا گری، لیفٹیننٹ کرنل عامر سمیت 12 افراد شہید

جمعرات 2 جولائی 2015 17:01

گوجرانوالہ ،فوجی جوانوں کی ٹرین نہر میں جا گری، لیفٹیننٹ کرنل عامر ..

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2جولائی2015ء)فوجیوں کو لے جانے والی ٹرین جامکے چھٹہ کے قریب پل ٹوٹنے سے نہر میں جا گری ، یونٹ کمانڈر لیفٹیننٹ‌ کرنل عامر سمیت بارہ افراد شہید ہوگئے. ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ٹرین پنو عاقل چھائونی سے کھاریاں جا رہی تھی کہ جامکے چھٹہ کے قریب پل ٹوٹنے کے باعث نہر میں جا گری ، سپیشل ٹرین کی چار بوگیوں میں فوجی دستے سفر کر رہے تھے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم باجوہ کے مطابق کھاریاں جانے والی سپیشل ٹرین کی چار بوگیاں جامکے چٹھہ کے قریب نہر میں گر گئیں۔حادثے میں لیفٹیننٹ کرنل عامر سمیت 12 افراد شہید ہوگئے ہیں۔ آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز اور ایس ایس جی غوطہ خور ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

میجر جنرل عاصم باجوہ کا کہنا ہے کہ پانچ زخمیوں سمیت اسی افراد کو نکال لیا گیا ہے جبکہ چار افراد کی تلاش جاری ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں ایس ایس جی غوطہ خور بھی حصہ لے رہے ہیں۔ ان کے مطابق نہر سے 8 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ آبپاشی ذرائع کے مطابق نہر کا پانی بند کر دیا گیا ہے جبکہ پانی کی سطح انتہائی کم ہونے میں تین سے چار گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ اس وقت پانی کی سطح میں چار سے پانچ فٹ تک کمی آ گئی ہے۔