انڈونیشین بحریہ کا جہاز خیر سگالی و تربیتی دورے پر کراچی پہنچ گیا

جمعرات 2 جولائی 2015 16:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) انڈونیشین بحریہ کا جہاز خیر سگالی و تربیتی دورے پر کراچی پہنچ گیا۔ بندرگاہ آمد پر پاک بحریہ کے سینئر حکام اورپاکستان میں انڈونیشیا کے قونصل جنرل نے جہاز کا پر تپاک استقبال کیا۔ KRI BANGRMASINپر موجود انڈونیشین بحریہ کے 99کیڈٹس بھی پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔ دو روزہ دورے میں انڈونیشین جہاز کے کمانڈنگ افسر کراچی میں تعینات پاک بحریہ کے متعدد اعلی افسران سے ملاقاتیں کریں گے۔

انڈونیشی بحری جہاز کے قیام کے دوران مختلف تربیتی سرگرمیاں، میری ٹائم سیکیورٹی پر مذاکرات اورسمندر اور خشکی پر مشترکہ آپریشنز ترتیب دیے گئے ۔ کھیلوں کے دوستانہ مقابلوں کے علاوہ انڈونیشین وفد پاک بحریہ کی مختلف یونٹس کا دورہ بھی کرے گا۔

(جاری ہے)

پاک بحریہ کے آفیسرز اور سیلرز بشمول پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس انڈونیشین نیوی کے جہاز کا دورہ کریں گے۔

دورے کے اختتام پر انڈونیشین جہاز پاک بحریہ کے جہازوں کے ساتھ مشترکہ مشق بھی کرے گا۔ پاکستان اور انڈونیشین بحری افواج کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں بحری افواج مشترکہ بحری مشقوں اور خیر سگالی اور تربیتی دوروں کے حوالے سے مسلسل رابطے میں رہتی ہیں۔ انڈونیشین جہاز کا حالیہ دورہ دونوں ممالک کے درمیا ن بالعموم اور دونوں بحری افواج کے درمیان بالخصوص اشتراک بڑھانے ، امن کو فروغ دینے اور خطے کی سیکیورٹی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس طرح کے دورے علاقائی اور غیر علاقائی ممالک کے ساتھ بحری تعاون کو فروغ دینے کی حکومتی پالیسی کے عین مطابق ہیں۔

متعلقہ عنوان :