اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر بابر اعوان پر ماتحت عدلیہ کی جرمانے کی سزا معطل کردی

جمعرات 2 جولائی 2015 16:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان کو جواب داخل نہ کرانے پر ماتحت عدلیہ کی جانب سے جرمانے کی سزا دینے کے خلاف دائر درخواست پر سزا معطل کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردی ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو عدالت عالیہ کے جسٹس نورالحق این قریشی پر مشتمل سنگل بینچ نے عمران خان کی جانب سے سیشن جج اسلام آباد کے فیصلے کی نظر ثانی کے لئے دائر درخواست جس میں جواب داخل نہ کرانے پر بابر اعوان کوجرمانہ کی سزا کا حکم دیا گیا تھا کی سماعت کی سماعت کی تو عمران خان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے عمران خان کے خلاف دائر ہتک عزت کے دعویٰ میں ڈاکٹر بابر اعوان پارٹی نہیں ہیں وہ وکیل ہے لہذا وہ جواب داخل نہیں کرا سکتے لہذا ماتحت عدلیہ کا فیصلہ قانون کے مطابق نہیں ہے اسے معطل کیا جائے جس پر عدالت نے سزا کو معطل کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردی۔