پنوں عاقل سے راولپنڈی جانے والی ٹرین حادثے کا شکار ،3 بوگیاں پل ٹوٹنے سے نہر میں جاگریں

جمعرات 2 جولائی 2015 16:26

گوجرانوالہ/ لاہور /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) پنوں عاقل سے راولپنڈی جانے والی ٹرین حادثے کا شکار ہو گئی،3 بوگیاں وزیر آباد کے قریب ہیڈ چھنانواں کا پل ٹوٹنے سے نہر میں جاگریں جس کے نتیجے میں 15افراد جاں بحق جبکہ85 شدید زخمی ہو گئے، 21بوگیوں میں فوج کاسامان تھا جو گرنے سے بچ گئیں ،ریسکیو 1122 اور فوج کے اہلکاروں نے نہر سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے کے بعد سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کر دیا ،سیکرٹری صحت پنجاب نے گوجرانوالہ کے ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی ،وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی سر گرمیوں کی نگرانی کرتے رہے، وزیراعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پنوں عاقل سے راولپنڈی جاتے ہوئے مسافروں سے بھری ٹرین گوجرانوالہ کے قریب وزیر آباد کے علاقے سے نہر کے اوپر سے گزرتے ہوئے ہیڈ چھنانواں کا پل ٹوٹ گیا، جس کی وجہ سے ٹرین کی 3 بوگیاں نہر میں جا گریں، ٹرین میں 6بوگیوں میں مسافرجبکہ 21بوگیوں میں فوج کا سامان بھرا ہوا تھا۔ٹرین حادثے کے آدھا گھنٹہ پہلے پاکستان ایکسپریس بحفاظت پل سے گزری تھی۔

وزیر اعظم نواز شریف نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ہدایات جاری کی ہیں کہ امدادی کارروائیاں کو تیز کرتے ہوئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے، زخمیوں کی فوری مدد کی جائے، مسافروں کو گھروں پر پہنچانے کے انتظامات بھی کئے جائیں اور ریلوے ٹریک کو بحال کیا جائے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ دوسری طرف وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی حادثہ کی جگہ پہنچ گئے اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم جاری کر دیا ہے۔