Live Updates

عمران خان نے 35پنکچر کے نام پر قوم کو گمراہ کیا،خواجہ سعد رفیق

جمعرات 2 جولائی 2015 14:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے چیئرمین تحریک انصاف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے 35پنکچر کے نام پر قوم کو گمراہ کیا ہے ، جھوٹ کا اعتراف کر نے کے بعد وہ صادق اور آمین نہیں رہے ، قانون کے مطابق عمران خان نااہل ہوگئے ہیں، پارلیمنٹ کو جعلی کہنے والوں نے آج اسی پارلیمنٹ سے تنخواہ وصول کی ہے ، الیکشن کمیشن کو شرم کی تلقین کرنے والوں کی اپنی شرم خیبرپختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات میں کہاں تھی ۔

جمعرات کے روز وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سیاست مخالفین پر گند اچھال کر اپنا اپنا نام بلند کرنے کے سوا کچھ نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی جھوٹ بولنے اور دوسروں پر بہتان لگانے کی روش نہیں بدلی ۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان نے دو سال تک قوم کو 35پنکچر کے نام پر بیوقوف بنایا ہے گزشتہ روز نجی ٹی وی پر اس جھوٹ کے اعتراف کے باوجود دھاندلی کا شور مچانے والوں کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے جھوٹ کے اعتراف کے بعد عمران خان صادق اور امین کی شق پر پورے نہیں اترتے اس لئے قانون کے مطابق وہ نااہل ہوچکے ہیں انہوں نے کہا کہ کل تک جو پارلیمنٹ کو جعلی کہنے والوں نے آج اسی پارلیمنٹ سے تنخواہ وصول کی ہے عمران خان شیخ رشید ، پی ٹی آئی ارکان بتائیں بغیر حاضری کے تنخواہ وصول کیو ں کی وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا ہے کہ عمران خان جھوٹا ہے اورکوئی دھاندلی نہیں ہوئی خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ حلقہ این اے 125 کے فیصلے کے مطابق کوئی دھاندلی نہیں ہوئی نہ ہی جعلی ووٹ پڑیں ہیں الیکشن کمیشن کو شرم کی تلقین کرنے والوں کی شرم خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں کہاں تھی خیبر پختونخوا میں عمران خان کی ایماء پر تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی ہے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :