بلیک میلنگ،منی لانڈرنگ،تحقیقاتی اداروں نے آصف زرداری کے دست راست انورمجیدکیخلاف شواہداکٹھے کرلئے

جمعرات 2 جولائی 2015 14:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء)سابق صدرآصف علی زرداری کے دست راست انورمجیدکیخلاف تحقیقاتی اداروں نے تمام شواہداکٹھے کرلئے ہیں ،انورمجیدنے سابق صدرآصف علی زرداری کی ایوان صدرمیں موجودگی کافائدہ اٹھاتے ہوئے اربوں روپے کے کالے دھن کوسفیددھن میں تبدیل کیا تھا۔سندھ پولیس کے 12اعلیٰ افسران انورمجیدسے براہ راست ہدایات لیتے اورسرمایہ کاروں کوبلیک کیاجاتاتھا۔

تفصیلات کے مطابق تحقیقاتی اداروں نے آصف علی زرداری کے مبینہ ایماء پرسرمایہ کاروں کوبلیک میل کرنے والے انورمجیدسے متعلق تمام شواہداکٹھے کرلئے ہیں اورانورمجیدکی گرفتاری کسی بھی وقت متوقع ہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ انورمجیدسے متعلق زیادہ تردستاویزی ثبوت سابق وزیرداخلہ سندھ ذوالفقارمرزانے فراہم کئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی اورایس پی رینک کے 12اعلیٰ پولیس آفیسرزانورمجیدکے زیراثرکام کرتے تھے اپنے مقاصدکیلئے انورمجیدنے کئی بارایوان صدرکوبھی استعمال کیا انور مجیدنے 4اکاوٴنٹس اوردوکاروباری فرموں کے ذریعے اپنے کالے دھن کوسفیدکیااوراس کاروبارکا85فیصدپیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کوفراہم کرتے رہے ۔

تحقیقاتی اداروں کوملنے والے دستاویزی ریکارڈکے مطابق انورمجیدنے 12بڑے کاروباری گروپس کومختلف حربوں سے بلیک کرکے کروڑوں روپے حاصل کئے ،بینک قرضوں کے تلے دبے ہوئے سرمایہ کارانورمجیدکاآسان ہدف شمارہوتے تھے ۔اسے سرمایہ کاروں کے گردبینک انتظامیہ اورپولیس گھیراتنگ کردیتی تھی اورپھر انور مجید اپنے مقاصدحاصل ہونے پران سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیداکروادیتے تھے۔ذرائع کے مطابق انورمجیدنے دوبڑی کمپنیاں ہتھیانے کیلئے ان کے مالکان اوراہل خانہ کوبھی حبس بے جامیں رکھا،گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں اوردوشوگرملیں انورمجیدکی غیرقانونی کارروائیوں کی بری طرح زدمیں آئیں ۔ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ادارے انورمجیدکوکسی بھی وقت حراست میں لے سکتے ہیں