ڈاکٹر تنویر زمانی نے اپنے نکاح کی تصدیق کر دی،نکاح ہو گیا ہے مگر یہ نہیں بتا سکتی کہ کب اور کس سے ہوا، پی پی رہنما

جمعرات 2 جولائی 2015 14:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء)پیپلز پارٹی کی رہنما ڈاکٹر تنویر زمانی نے اپنی شادی کی خبر کی تصدیق کردی ہے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں ڈاکٹر تنویر زمانی سے جب سوال کیا گیا کہ کیا آپ کی شادی پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے ہوئی ہے ، تو انہوں نے کہا کہ میں اس سوال کا جواب نہیں دے سکتی، البتہ میرا نکاح ہوا ہے ۔ کس سے ہوا ہے اور کب ہوا ہے اس کی تفصیل نہیں بتائی جا سکتی۔

انہوں نے کہاکہ میرا رشتہ پیپلز پارٹی سے ہے ۔

(جاری ہے)

بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کا مشن میرا مشن ہے ۔ اس سے آگے تمام رشتے بے معنی ہیں۔ ہمارے ہاں بچہ پیدا ہوتا ہے تو اس کے کان میں اذان کے بعد جئے بھٹو کا نعرہ لگایا جاتا ہے ۔ ڈاکٹر تنویر زمانی نے کہاکہ بلاول بھٹو ابھی سیکھنے کے مراحل میں ہیں۔ بلاول بھٹو شہید بی بی کے بیٹے ہیں اس لحاظ سے وہ میرے بھی بیٹے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ الطاف حسین لندن میں بیٹھے ہیں، وہ کسی سے بھی فنڈ لے سکتے ہیں، ہمارا تعلق الطاف حسین سے نہیں بلکہ ایم کیو ایم کی مقامی قیادت سے ہے ، جو الیکشن میں منتخب ہو کر اسمبلی میں آتی ہے ۔