زبردستی فطرہ وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،رینجرز

جمعرات 2 جولائی 2015 14:30

زبردستی فطرہ وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،رینجرز

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء)پاکستان رینجرزسندھ کے ترجمان نے ایم کیو ایم کی پریس کانفرنس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ فطرے کے نام پر زبردستی رقم لینے والوں کے حق میں پریس کانفرنس کرنا دراصل سماج دشمن عناصر کو سپورٹ کرنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

رات گئے رینجرز ترجمان کی جانب سے جاری کیئے گئے بیان کے مطابق گلبہار میں کارروائی کے دوران ایم کیو ایم کے 16 کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا جو علاقے میں زبردستی فطرانہ جمع کررہے تھے۔

ملزمان کے قبضے سے ایک ہزار کے قریب فطرانے کی پرچیاں اور اکتیس ہزار پانچ سو روپے کی رقم بھی برآمد ہوئی ہے۔ ترجمان کے مطابق رینجرز گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کرے گی جبکہ تفتیش میں بے گناہ ثابت ہونیوالے افراد کو رہا کردیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ رینجرز کسی بھی گروپ یا مذہبی جماعت کو زبردستی فطرانہ وصول کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ عوام ایسے عناصر کی شکایت رینجرز کے ہیلپ لائن نمبر1101پر کرسکتے ہیں۔