رحمان ملک اور رامیش کمار کو جہاز میں سوار ہونے سے روکنے والے معاملے نے پھر سر اٹھا لیا

سندھ پولیس نے وی وی آئی پیز کو بچانے کے لیے کمر کس لی،واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ محکمہ داخلہ سندھ کو ارسال کر دی گئی

جمعرات 2 جولائی 2015 14:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) سندھ پولیس نے ایک بار پھر وی وی آئی پیز کو بچانے کے لیے کمر کس لی۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک اور نون لیگ کے رامیش کمار کو جہاز میں سوار ہونے سے روکنے والے ارجمند حسین کے ساتھ مزید 5 مسافروں کے نام ایف آئی آر میں درج کرنے کا فیصلہ کیاہے۔سندھ پولیس نے پیپلزپارٹی کے سینیٹر رحمان ملک اور نون لیگ کے رکن قومی اسمبلی رامیش کمار کو تاخیر سے پہنچنے پر مسافروں کی جانب سے جہاز میں سوار ہونے سے روکنے کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ محکمہ داخلہ سندھ کو ارسال کر دی ہے۔

رپورٹ میں پولیس نے کہاہے کہ پی آئی اے کا جہاز پی کے 370 تکنیکی خرابی کے باعث لیٹ ہوا جبکہ ارجمند حسین اور پانچ دیگر مسافروں کی جانب سے بلاوجہ دونوں وی آئی پیز یعنی رحمان ملک اور رامیش کمار کو بدسلوکی کا نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال اپریل میں پیش آنے والے واقعے کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ پراسیکیوٹر جنرل کی سفارش پر دونوں وی آئی پیز سے بدسلوکی کرنے والے پانچ مزید مسافروں کے نام ایف آئی آر میں شامل کیے جا رہے ہیں۔پولیس کے مطابق بدسلوکی کرنے والے مزید پانچ مسافروں کی شناخت کے لیے پی آئی اے کا اسٹاف اب تک ناکام رہا ہے اور اب نادرا سے ان مسافروں کے کوائف حاصل کیئے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :