گینز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر محمد صدی مونچھوں سے 25سو کلوگرام وزنی گاڑی کھینچنے کیلئے پرعزم

بدھ 1 جولائی 2015 20:19

گینز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر محمد صدی مونچھوں سے 25سو کلوگرام وزنی گاڑی کھینچنے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) گینز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر محمد صدی نے کہا ہے میں اپنا ہی ورلڈ ریکارڈ توڑنے کی تیاری کر رہا ہوں، اب میں مونچھوں سے 2500 کلوگرام وزنی گاڑی کھینچوں گا، میرے فن کو دنیا کے سامنے لانے پر ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کا شکرگزار ہوں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، محمد صدی نے کہا کہ پاکستان نے مجھے بہت عزت دی ہے، ملک کا نام روشن کرنے کیلئے ہر وقت بے تاب رہتا ہوں، میں سپورٹس بورڈ پنجاب اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے دنیا کے سامنے اپنے فن کا اظہار کرنے کیلئے پلیٹ فارم اور سہولتیں فراہم کیں، ان کے تعاون سے میری حوصلہ افزائی ہوئی اب میرے دونوں بیٹے بھی اس میدان میں پاکستان کا روشن کرنے کیلئے تیاری کر رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ میرا بڑا بیٹا اکمل اپنے شولڈر سے 10 کاریں کھینچنے کی تیاری کر رہا ہے جبکہ چھوٹا بیٹا کلیم اللہ جس کی عمر ابھی صرف پانچ سال ہے وہ 1500 سی سی کار کھینچ سکتا ہے، میرے بیٹے بہت پرجوش ہیں، جلد وہ اپنی صلاحیتوں کا اظہار دنیا کے سامنے کریں گے۔

(جاری ہے)

مجھے خوشی ہے کہ میرے بنائے ہوئے ریکارڈ سے پاکستان کا نام روشن ہوا ہے، اب میں 2500کلو گرام وزنی گاڑی مونچھوں سے کھینچ کر نیا عالمی ریکارڈ بناؤ ں گا۔ واضح رہے کہ محمد صدی نے2012ء سپورٹس فیسٹیول میں اپنی مونچھوں سے 1700کلو گرام وزنی گاڑی کھینچ کر گینز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا جبکہ گزشتہ برس اٹلی کے شہر میلان میں گینز ورلڈ ریکارڈ شو میں 1740کلو گرام وزنی گاڑی اپنی مونچھوں سے کھینچ کر اپنا ہی ریکارڈ توڑا تھا،محمد صدی پاکستان کے پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے گینز کے ورلڈ ریکارڈ شو میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا