وزیر اعلی خیبرپختونخو اکا کچی محلہ ہشتنگری میں چارمقتول بہنوں کے گھر کا دورہ ،لواحقین سے اظہارتعزیت

منگل 30 جون 2015 23:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء )وزیر اعلی خیبرپختونخو اپرویز خٹک کچی محلہ ہشتنگری میں قتل کی گئی چار بہنوں کے گھر گئے جہاں انہوں نے قتل کے اس افسوسناک واقعہ پر مقتول بہنوں کے لواحقین سے گہرے رنج و غم اور ہمدردی کا اظہار کیااور انہیں انصاف کے حصول میں صوبائی حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد اور تعاون کا یقین دلایا۔ صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ، پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات و رکن صوبائی اسمبلی شوکت علی یوسفزئی اور پی ٹی آئی کے صوبائی آرگنائزر فضل محمد بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے مقتول بہنوں کیلئے مغفرت کی دعا کی اور غمزدہ خاندان کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت انصاف کے حصول میں ان کی بھر پور مدد کرے گی۔ انہوں نے قتل کے ملزموں کی گرفتاری اور مقتولین کے لواحقین کے اطمینان کے مطابق مقدمے کے اندراج پر پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور مقدمے کی پیروی میں بھی متاثرہ خاندان کو ہر ممکن قانونی مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ قتل کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے اور غمزدہ خاندان کی داد رسی میں صوبائی حکومت کوئی کوتاہی نہیں کرے گی۔