مسلم لیگ(ن) جمہوری اقدار ،اصولی سیاست کی روایات ،آئین وقانون کی بالادستی پر پختہ یقین رکھتی ہے ‘محمد رفیق رجوانہ

ہمیں اپنی تمام تر توانائیاں انصاف کا بول بالا کرنے خصوصاً پسماندہ طبقے کو ریلیف دینے پر صرف کرنا ہونگی ‘گورنر پنجاب کی وفد سے گفتگو

منگل 30 جون 2015 21:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ وکلاء برادری نے ملک کی 68سالہ تاریخ میں جمہوریت اور عدلیہ کی بحالی میں جو کرادر ادا کیا ہے وہ ملک کی سیاسی وآئینی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا، وکلاء برادری نے غیر جمہوری حکمرانوں کے سامنے نہ صرف کلمہ حق کہا بلکہ دورِاستبداد میں ظلم اور نا انصافی کے سامنے سب سے پہلے حق کی آواز بُلند کی، مسلم لیگ(ن) جمہوری اقدار ،اصولی سیاست کی روایات ،آئین وقانون کی بالادستی پر پختہ یقین رکھتی ہے ۔

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ایبٹ آباد کے8رکنی وکلاء کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے اسد تنویر قریشی کی قیادت میں ان سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وہی قومیں دنیا پر راج کررہی ہیں جنہوں نے بلا تفریق و امتیاز قانون پر عملداری کو یقینی بنایا اور عوام کو انصاف اُن کی دہلیز پر فراہم کیا ، ہمیں بھی اپنی تمام تر توانائیاں انصاف کا بول بالا کرنے خصوصاً پسماندہ طبقے کو ریلیف دینے پر صرف کرنا ہوں گی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وکلاء برادری نے قانون و آئین کی بالادستی اورجمہوریت کے تسلسل کے لیے بے مثال قربانیاں دیتے ہوئے ہمیشہ حق و سچ کی آواز کو بلند کیا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ وکلاء برادری نے ملک کی 68سالہ تاریخ میں جمہوریت اور عدلیہ کی بحالی میں جو کرادر ادا کیا ہے وہ ملک کی سیاسی وآئینی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری نے غیر جمہوری حکمرانوں کے سامنے نہ صرف کلمہ حق کہا بلکہ دورِاستبداد میں ظلم اور نا انصافی کے سامنے سب سے پہلے حق کی آواز بُلند کی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) جمہوری اقدار ،اصولی سیاست کی روایات ،آئین وقانون کی بالادستی پر پختہ یقین رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف ملک کو بحرانوں سے نکالنے ، معیشت کے استحکام اور خاص طور پر توانائی کے مسئلہ کو حل کرنے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں انشااﷲ تعالیٰ حکومت کی مثبت پالیسیوں کے نتیجے میں ملک کو موجودہ تمام بحرانوں سے نکال لیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان اِن بحرانوں سے نکل کر اقوامِ عالم میں ایک باوقار اور خوشحال ملک کے طور پر جانا جائے گا۔اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو نئی دمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی دیتے ہوئے کہا کہ یہ بات انتہائی خوش آئند ہے ملک کے سب سے بڑے صوبے میں وکلاء برادری سے تعلق رکھنے والے قانون دان کو پنجاب کا گورنر بنایا گیا ہے -وفدنے گورنر پنجاب کو خیبر پختونحواہ کی روایتی پگڑی بھی پہنائی ،صدر ڈسٹرکٹ بار نے گورنر پنجاب کو ایبٹ آبادڈسٹرکٹ بار میں خطاب کی دعوت دی جس پر گورنر پنجاب نے انہیں کہا کہ وہ اپنی پہلی فرصت میں ایبٹ آباد ڈسٹرکٹ بار کا دورہ کریں گے-اس موقع پر وکلاء نے گورنر پنجاب کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا، گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ اس ضمن میں وزیر اعظم پاکستان محمد نوازشریف ، گورنر خیبر پختونخواہ اور صوبے کی مسلم لیگی قیادت سے مل کر ان کے مسائل حل کرانے کی پوری کوشش کریں گے۔

متعلقہ عنوان :