منصوبہ بندی کمیشن نے احسن اقبال کی سربراہی میں تعمیراتی شعبے میں اصلاحات کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دیدی

منگل 30 جون 2015 20:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) منصوبہ بندی کمیشن نے تعمیراتی شعبے میں اصلاحات کے لئے ٹاسک فورس تشکیل دے دی،وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال ٹاسک فورس کی سربراہی کریں گے جو تعمیراتی شعبے کی بحالی کے لئے مختلف اقدامات بروئے کار لائے گی۔تفصیلات کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے نتیجے میں ملک بھر میں تعمیراتی شعبے کی سرگرمیوں میں اضافے کے پیش نظر یہ ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے جوٹاسک فورس نجی شعبے میں تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافے کے لئے اس شعبے کی معاونت کرے گی ۔

سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی و ترقی ٹاسک فورس کے ڈپٹی چئیرمین ہو ں گے اورممبر انفراسٹرکچر ملک احمد خان ٹاسک فورس کے امور کی نگرانی کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ویژن 2025 میں ملک کی اقتصادی ترقی پر زور دیا گیا ہے اور تعمیراتی شعبہ اس سلسلے میں ایک کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔اس حوالے سے پلاننگ کمیشن کے ممبر انفراسٹرکچرملک احمد خان نے ٹاسک فورس کی تشکیل کوایک انتہائی اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی شعبے میں ترقی سے ساٹھ صنعتوں کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے ذریعے انفراسٹرکچر کے شعبے میں ترقی لانا چاہتے ہیں اور اس شعبے میں نجی سرمایے کے لئے ریگولیٹری اقدامات کے لئے بھی کوشاں ہیں۔

متعلقہ عنوان :