Live Updates

تحریک انصاف ہار چکی ‘ حفیظ پیرزادہ اپنے دلائل سے عمران خان کی سیاست کو پھانسی پر چڑھوا دیں گے ‘ وہ پہلے بھٹو کو پھانسی چڑھوا چکے ہیں،جوڈیشل کمیشن میں تحریک انصاف نے نہ جسٹس(ر) رمدے کو بلایا نہ افتخار چوہدری کو‘ جلد تحریک انصاف کی سیاست سمٹ کر بنی گالہ تک محدود رہ جائیگی‘عمران خان کرپٹ لوٹوں کو اپنی جماعت میں شامل کر رہے ہیں‘ وہ زرداری سے الحاق کر کے ان کو بھی اپنی پارٹی میں شامل کرلیں

مسلم لیگ (ن) کے رہنما ؤں دانیال عزیز ‘ طلال چوہدری اور مائزہ حمید کی میڈیا سے بات چیت

منگل 30 جون 2015 18:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما ؤں دانیال عزیز طلال چوہدری اور مائزہ حمید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے وکیل حفیظ پیرزادہ کے دلائل سن کر نظر آ رہا تھا کہ وہ ہار چکے ہیں ‘ اسی طرح کے دلائل سے وہ پہلے بھی بھٹو کو پھانسی چڑھواچکے ہیں‘ ا ب عمران خان کی سیاست کو پھانسی پر چڑھوا دیں گے ‘ جوڈیشل کمیشن میں تحریک انصاف نے نہ جسٹس رمدے کو بلایا نہ افتخار چوہدری کو‘ بہت جلد تحریک انصاف کی سیاست سمٹ کر صرف بنی گالہ تک رہ جائیگی‘عمران خان پہلے زرداری پر بڑے گرجتے برستے تھے اب انہی کی جماعت کے کرپٹ لوٹوں کو اپنی جماعت میں شامل کر رہے ہیں‘ وہ زرداری سے الحاق کر کے انہیں بھی اپنی پارٹی میں شامل کیوں نہیں کر لیتے۔

منگل کو جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے رہنما تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور حفیظ پیرزادہ پر برس پڑے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے بار بار موقف تبدیل کیا۔ تحریک انصاف نے ہر دفعہ الزامات کے برعکس جواب دئیے جو رد ہوئے۔ تحریک انصاف کا مقصد جمہوریت مضبوط کرنا نہیں بلکہ ملک کو معاشی عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے۔

تحریک انصاف نے دھاندلی کا جال بھی اسی لئے پھینکا ہے کہ کہیں مسلم لیگ (ن) کا بیرونی سرمایہ کاری لانے‘ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے‘ نوجوانوں کو روزگار دینے‘ معاشی طو رپر ترقی کرنے اور خوشحال پاکستان کا ایجنڈا کامیاب نہ ہو جائے۔ اگر مسلم لیگ(ن) کا ایجنڈا کامیاب ہو گیا تو ان کو خطرہ ہے کہ تحریک انصاف سمٹ کر صرف بنی گالہ تک محدود ہو جائیگی۔

انہو ں نے کہاکہ جوڈیشل کمیشن میں تحریک انصاف نے نہ جسٹس رمدے کو بلایا اور نہ ہی افتخار چوہدری کو اور نہ ہی تحریک انصاف نے وزیر اعظم نواز شریف کی لکھی ہوئی تقریر دکھائی جس پر ان کا سارا انحصار تھا۔ ریٹرننگ افسران کو بھی کمیشن میں خود ہی بلایا۔ تحریک انصاف نے نہیں آج جوڈیشل انکوائری کمیشن میں ثابت ہو گیا کہ عمران خان نیازی نہیں عمران خان قلابازی ہیں۔

وہ اور ان کے وکیل بار بار قلابازی لگاتے ہیں۔ عمران خان پہلے کہتے تھے کہ نجم سیٹھی نے 35 پنکچر لگائے آج جوڈیشل کمیشن میں ان کے وکیل نے کہاکہ 25 اپریل 2013ء کے بعد نجم سیٹھی کے پاس کوئی اختیار نہیں تھا وہ بے بس تھے اس طرح کہہ کر انہوں نے اپنے ہی موقف کو رد کر دیا ۔ عمران خان بتائیں کہ اگر نجم سیٹھی کے اختیار میں کچھ نہیں تھا تو وہ 35 پنکچر کا الزام کیسے عائد کرتے ہیں ۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وکیل کے دلائل سن کر نظر آ رہا تھا کہ وہ حتمی دلائل دیتے وقت ہار مان چکے ہیں حفیظ پیرزادہ نے اسی طرح کے دلائل سے بھٹو کو پھانسی چڑھایا تھا اب ان کے انکوائری کمیشن میں دلائل عمران خان کی سیاست کو پھانسی چڑھا دیں گے۔ تحریک انصاف کے وکیل آج ان کی طرف سے لگائے گئے بڑے بڑے الزامات سے پیچھے ہٹ کر چھوٹی چھوٹی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کر رہے تھے عمران خان صاحب جوڈیشل انکوائری کمیشن بے ضابطگیوں کی تحقیقات کیلئے نہیں بنا بلکہ اس بات کی تحقیقات کیلئے بنا ہے کہ کیا عام انتخابات میں منظم دھاندلی ہوئی اور عوام کا مینڈیٹ چرایا گیا۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کل تک تو زرداری پر بہت تنقید کرتے تھے آج انہی کی پارٹی کے لوٹوں کو اپنی جماعت میں لے رہے ہیں۔ عمران خان زرداری سے الحاق ہی کیوں نہیں کر لیتے ان کو بھی اپنی جماعت میں شامل کر لیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مائزہ حمید نے کہاکہ پی ٹی آئی کے قائد وزیر اعظم بننے کیلئے چور راستے ڈھونڈ رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے تمام الزامات جوڈیشل انکوائری کمیشن میں جھوٹے ثابت ہو رہے ہیں

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات