اشرف سوہنا کا منظور وٹو کے رویہ سے دلبرداشتہ ہو کر پیپلزپارٹی چھوڑ نے کا اعلان

بلاول بھٹو کو پارٹی میں موجود ڈکٹیٹروں کے گماشتوں اور کرپشن میں لتھڑے ہوئے لوگوں سے جنگ کرنا پڑے گی ، ہو سکتا ہے ان کو اس جنگ کی قیمت بھی چکانا پڑے‘آئندہ چند روز میں دوستوں کی مشاورت سے کسی بھی سیاسی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر وں گا‘پیپلزپارٹی لیبر ونگ پنجاب کے صدر و سابق صوبائی وزیر اشرف سو ہنا کی پر یس کا نفر نس

پیر 29 جون 2015 23:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) پیپلزپارٹی لیبر ونگ پنجاب کے صدر و سابق صوبائی وزیر اشرف سوہنا نے صوبائی صدر منظور احمد وٹو کے رویہ سے دلبرداشتہ ہو کر پیپلزپارٹی چھوڑ نے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کو پارٹی میں موجود ڈکٹیٹروں کے گماشتوں اور کرپشن میں لتھڑے ہوئے لوگوں سے جنگ کرنا پڑے گی اور ہو سکتا ہے کہ انہیں اس جنگ کی قیمت بھی چکانا پڑے‘آئندہ چند روز میں دوستوں کی مشاورت سے کسی بھی سیاسی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر وں گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی ضلع اوکاڑہ کے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اشرف سوہنا نے کہا کہ منظور وٹو نے پنجاب میں پیپلز پارٹی کی بجائے وٹو لیگ بنا لی ہے اور پنجاب کے تمام عہدوں پر ان کے خاندان کے افراد براجمان ہیں او ریہ بھٹو ازم نہیں وٹو ازم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منظو ر وٹو کے حوالے سے پارٹی قیادت کو آگاہ کر چکا ہوں اور اس پر بلاول ہاؤس میں احتجاج بھی ریکارڈ کرایا گیا لیکن اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو میڈیا کے توسط سے مخاطب کر کے پیپلز پارٹی اور محترمہ بینظیر بھٹو کے احسانات کا اقرار کرتا ہوں لیکن ایک سیاسی کارکن ڈکٹیٹر کے تربیت یافتہ اور کرپشن میں ڈوبے ہوئے شخص کی جماعت پر تسلط سے انکار کرتاہے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ آصف علی زرداری بڑے سمجھدار اور زیرک سیاستدان ہیں لیکن میں منظور وٹو کی تعیناتی کے معاملے پر ان کی صلاحیتوں کی نفی کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اکابرین نے رابطے کئے ہیں لیکن دیانتداری سے کہتا ہوں کہ آئندہ دوروز میں اپنے ضمیر کے مطابق میں اور میرے ساتھی کسی فیصلے پر پہنچنے کے قابل ہوں گے ۔