سی ڈی اے کا مالی سال2015-16 کا37 ارب 69کروڑ روپے زائد کا بجٹ منظور

21 ارب روپے ترقیاتی ، 16 ارب روپے غیر ترقیاتی اخراجات کیلئے مختص

پیر 29 جون 2015 23:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء ) سی ڈی اے بورڈ نے مالی سال2015-16 کے37ارب 69کروڑ 53لاکھ 30ہزار بجٹ(37,695.33 ملین)روپے بجٹ کی منظوری دے دی ۔ پیر کو یہ منظوری چیئرمین ، سی ڈی اے معروف افضل کی زیرِ صدارت سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر مین منعقدہ اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ارکان نے شرکت کی۔ 37 ارب روپے سے زائد کی مالیت کے بجٹ میں سے 21 ارب روپے ترقیاتی جبکہ16 ارب روپے غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے مختص کئے گئے ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے کہا کہ گذشتہ مالی سال کی طرح رواں مالی بھی سی ڈی اے کے بجٹ کا محور ترقیاتی سر گرمیوں کو بنایا گیا ہے تاکہ یہ سال بھی گذشتہ سال کی طرح ڈیویلپمنٹ کے سال کے طور پر ہی جاری رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال میں سی ڈی اے کو نئے سیکٹروں کی ڈیویلپمنٹ پر ہی خرچ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

نئے بجٹ میں اراضی کے حصول اور متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی کے لیے ایک ارب سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔

جبکہ اسلام آباد میں جاری مختلف اہم منصوبوں کے لیے بھی ڈیڑھ ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ سی ڈی اے کو نئے مالی سال میں پبلک سیکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کی مد میں 427 ملین روپے، مینٹی ننس گرانٹ کی مد میں 2197 ملین روپے بھی ملیں گے جبکہ سی ڈی اے سیلف فنانسنگ کے تحت20664 ملین روپے اور ریونیو اکاؤنٹ کے تحت14407 ملین روپے حاصل کرے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے کہا کہ گذشتہ مالی سال میں ٹیکس اور بجلی کے بلوں کی مد کے علاوہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے باوجود سخت مالیاتی ڈسپلن کے باعث بجٹ کو نہایت متوازن رکھا گیا ہے جس کے لیے سی ڈی اے کے تمام شعبوں کی کاوشیں لائق ِ تحسین ہیں ۔

سی ڈی اے کے نئے بجٹ میں (زیروپوائنٹ سے روات تک) اسلام آبادہائی وے، پارک انکلیو کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل، مارگلہ ہائی وے کے دوسرے مرحلے، 7th ایونیو کی اپ گریڈیشن ، سیکٹرC-14 ، C-15،C-16 ،سیکٹر آئی12- اور آئی15- کی ڈیویلپمنٹ، سیکٹر D-12 کے باقیماندہ کاموں کی تکمیل اور سیکٹر E-12 میں سڑکوں کی تعمیر کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ کری ماڈل ویلج ،فیصل ایونیو پر انڈر پاسسز کی تعمیر ، پریڈ گراؤنڈ، سیکٹرD-12 کے مراکز کی ڈیویلپمنٹ ، اسلام آباد میں جدید سلاٹر ہاؤس کی تعمیر، سی ڈی اے کے کیپٹل ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور اضافی بلاک کی تعمیر، پارکنگ ایریاء اسلام آباد میں سیمی کورڈ مارکیٹ کی تعمیر۔

سی ڈی اے کی حصول شدہ اراضی کی حفاظت کے لیے باڑ ،شہری سہولیات کے سینٹرکی تعمیر اور ڈیویلپمنٹ سیکٹروں کی مینٹی نینس کے لیے بھی رقم رکھی گئی ہے۔ سی ڈی اے کے بجٹ میں زیرو پوائنٹ سے جی ٹی روڈ تک اسلام آبادہائی وے کے سگنل فری کوریڈور کے اہم منصوبے کے لیے بھی فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ نئے مالی سال میں اسلام آباد کے مرکز F-10 میں ملٹی لیول کار پارکنگ کے پلازہ کی تعمیر کے لیے بھی رقم مختص کی گئی ہے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے سیکورٹی انتظامات، اراکین اسمبلی کے لیے 104 فیملی سوئٹس اور پاک سیکرٹریٹ میں مسجد کی تعمیر اور اپ گریڈیشن کے لیے بھی مالی سال 2015-16 میں رقم مختص کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :