اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق جاری کردیا

پولنگ اسٹیشن کی ایک سومیٹرکی حدود کے باہرکسی امیدوارکوبینرز،نوٹسزاورنشان لگانے کی اجازت نہیں ہوگی انتخابی مہم کے دوران اشتہارات لگانے اوروال چاکنگ کی اجازت نہیں ہوگی ٗخلاف ورزی کر کارروائی کی جائیگی

پیر 29 جون 2015 22:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق جاری کردیاجس کے مطابق پولنگ اسٹیشن کی ایک سومیٹرکی حدود کے باہرکسی امیدوارکوبینرز،نوٹسزاورنشان لگانے کی اجازت نہیں ہوگی، انتخابی مہم کے دوران اشتہارات لگانے اوروال چاکنگ کی اجازت نہیں ہوگی، خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے پر سخت سزا ہو گی، امید وارالیکشن کمیشن کے مقررکردہ سائزسے بڑے پوسٹر یا بینرزنہیں لگا سکے گا، الیکشن کمیشن نے امیدواروں کیلئے انتخابی اخرجات کی حد بھی مقررکی ہے، میٹروپولیٹین کارپوریشن کے میئر اورچیئرمین کے امیدوارکیلئے اخراجات کی حد دو لاکھ مقررکی گئی ہے، یونین کونسل کے چیئرمین اوروائس چیئرمین کی نشستوں والے امیداوارایک لاکھ تک اخراجات کر سکیں گے، میٹروپولیٹین کارپوریشن کے مخصوص نشستوں کے امیدوار تیس ہزاراخراجات کر سکیں گے، جنرل اورمخصوص نشستوں کے امیدواران کو بھی تیس ہزارروپے اخراجات کی اجازت ہوگی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کو ہدایت کی ہے کہ وہ رپورٹنگ میں کوئی ایسی زبان استعمال نہ کریں جس میں نسلی، صنفی، لسانی یا مذہبی بنیادوں پر تشدد کو فروغ ملتا ہو۔ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا صرف الیکشن کمیشن، ریٹرننگ افسر اور پریذائیڈنگ افسر کی جانب سے سرکاری طور پر جاری کردہ مستند انتخابی نتائج براڈ کاسٹ، ٹیلی کاسٹ یا شائع کرے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے مشاہدے کے خواہشمند مبصرین سے کہا ہے کہ وہ بلدیاتی قوانین اور ملک کی خود مختاری کا احترام اور اپنی غیر جانبداری برقرار رکھیں۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی مبصرین کے لئے جاری کردہ ضابطہ اخلاق میں کہا ہے کہ مبصرین اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قوانین اور الیکشن کمیشن اور اس کے انتخابی عملے کی اتھارٹی کا احترام کریں۔

الیکشن کمیشن نے مبصرین سے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی خود مختاری اور عوام کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کا احترام کریں، مبصرین سیکورٹی حکام سمیت الیکشن کمیشن اور ریاستی اتھارٹیز کی ہدایات کا احترام کریں اور ان کے ساتھ احترام کے رویہ رکھیں اور ہمہ وقت سخت سیاسی غیر جانبداری برقرار رکھیں۔ مبصرین کسی ایسی سرگرمی میں ملوث نہ ہوں جو کسی سیاسی جماعت یا امیدوار کے حق میں ہو، نہ ہی ان کے بینرز اور پارٹی نشانات آویزاں کریں۔

ضابطہ اخلاق میں کہا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کا مشاہدہ کرنے والے مبصرین کسی طور پر انتخابی عمل میں رکاوٹ نہ بنیں اور اس بات کو یقینی بنائیں ان کے تمام مشاہدات غیر جانبدار اور معروضی ہوں اور صداقت کے اعلیٰ معیارات پر پورے اترتے ہوں۔ مبصر تنظیمیں اپنی رپورٹس اور تجاویز الیکشن کمیشن کو پیش کر سکتے ہیں اور مبصرین دوسروں کے ساتھ مناسب ذاتی رویہ اور احترام رکھیں اور اعلیٰ ترین پیشہ وارانہ اقدار کا مظاہرہ کریں۔ بین الاقوامی مبصرین پاکستان میں قیام کے دوران اپنے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے حکومت اور سیکورٹی ایجنسیز کی جانب سے دی گئی ہدایات کی تعمیل کریں۔