کراچی میں حالیہ گرمی کی لہر کے اسباب جاننے اور اثرات سے نمٹنے کیلئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی

پیر 29 جون 2015 22:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی نے وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اﷲ خان کی ہدایات پر ملک خاص کر کراچی میں حالیہ گرمی کی لہر کے اسباب جاننے اور اس کے اثرات سے نمٹنے کیلئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ محکمہ موسمیات کے سابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر قمرالزمان چوہدری اس تحقیقاتی کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔

کمیٹی کا نام ایکسپرٹ سٹڈی اینڈ انویسٹی گیشن گروپ رکھ دیا گیا جس میں پاکستان محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر غلام رسول، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ممبر برائے ڈیزاسٹر رسک رڈکشن احمد کمال، سینئر سائنٹیفک آفیسر گلوبل کلائمیٹ چینج سٹڈی سنٹر شہباز محمود، وفاقی وزارت برائے ہیلتھ سروز، ریگیولیشن، کوآرڈینیشن کے ڈائریکٹر جنرل برائے نیشنل ہیلتھ ایمرجنسی پریپئرڈنیس منیر احمد منگریو اور تمام صوبوں کی پرووینشل ڈیزاسٹر مئنجمنٹ اتھارٹیز کے نمائندے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس کمیٹی کا مقصد ملک میں حالیہ گرمی کی لہر کے اسباب پر تحقیقات کرنا اور مستقبل میں ایسے ممکنہ گرمی کی لہر کے اثرات سے نمٹنے کیلئے اقدامات تجویز کرنا ہے۔ اس کے علاوہ یہ تحقیقاتی کمیٹی اسٹریٹجی بنائے گی جس کا مقصد تمام متعلقہ اداروں کی کیپیسیٹی بلڈنگ کرنا اور لوگوں میں اس موسمی خطرے اور ان سے نمٹنے کیلئے ممکنہ اقدامات کے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہو گا۔ یہ کمیٹی گرمی کی لہر کے اثرات سے نمٹنے کیلئے مختلف تجاویز پر مشتمل جامع رپورٹ تشکیل دے گی۔ یہ کمیٹی اپنی رپورٹ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اﷲ خان کو آنے والے دوہفتوں میں پیش کرے گی۔

متعلقہ عنوان :