Live Updates

2013ء کے انتخابات (ن) لیگ اور الیکشن کمیشن نے مل کر لڑے، منظم دھاندلی کو ثابت کریں گے، آر اوز نے کئی حلقوں میں امیدواروں کو نہیں آنے دیا، جوڈیشل کمیشن نہ بنتا تو دھاندلی کبھی بھی سامنے نہ آتی، ایم کیو ایم دہشت گردی میں ملوث ہے، الطاف حسین نے دہلی کانفرنس پاکستان کے قیام کو برصغیر پر ظلم قرار دیا تھا

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا لاہو ر میں کارکنوں سے خطاب

پیر 29 جون 2015 21:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 2013ء کے انتخابات مسلم لیگ (ن) اور الیکشن کمیشن نے مل کر لڑے، ہم انتخابات میں ہونے والی منظم دھاندلی کو ثابت کریں گے، آر اوز نے کئی حلقوں میں امیدواروں کو نہیں آنے دیا، جوڈیشل کمیشن نہ بنتا تو دھاندلی کبھی بھی سامنے نہ آتی، ایم کیو ایم دہشت گردی میں ملوث ہے، الطاف حسین نے دہلی کانفرنس میں کہا تھا کہ پاکستان کا بننا برصغیر پر ظلم ہے، پی ٹی آئی پہلی جماعت ہے جس نے ایم کیو ایم کے خلاف آواز اٹھائی۔

وہ پیر کو لاہور میں کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد میں دھاندلی کے خلاف 126 دن دھرنا دیا، اب ہم ثابت کریں گے کہ انتخابات میں منظم دھاندلی ہوئی اور 2013ء کا انتخاب (ن) لیگ اور الیکشن کمیشن نے مل کر لڑا اور ثابت کیا کہ اڑھائی کروڑ بیلٹ پیپرز کا کوئی ریکارڈ نہیں جس کا جتنا دل چاہے، اتنے زائد بیلٹ پیپر منگوالے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے حلقے میں 93 ہزار ووٹوں کی تصدیق نہیں ہو سکی، یہ سب مقناطیسی سیاہی استعمال نہ ہونے کے باعث ہوا ہے، کئی حلقوں میں آر اوز نے امیدواروں کو آنے ہی نہیں دیا۔ عمران خان نے کہا کہ اگر جوڈیشل کمیشن نہ بنتا تو دھاندلی کبھی بھی سامنے نہ آتی، اب کمیشن کی کارروائی تقریباً مکمل ہو چکی ہے امید ہے ایک دو ہفتے میں فیصلہ سامنے آ جائے گا۔

انہں نے کہا کہ سچ آہستہ آہستہ سامنے آ رہا ہے، ایم کیو ایم دہشت گردی میں ملوث ہے، کراچی میں ایم کیو ایم کی وجہ سے ہمارے کارکنوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ الطاف حسین 2003ء میں دہلی کانفرنس میں شرکت کیلئے گیا تھا، وہاں پر اس نے تقریر میں کہا تھا کہ پاکستان کا بننا برصغیر پر ظلم ہے، اس کی تصویریں بھی وہاں پر را نے لگوائی تھیں، ابپی ٹی آئی پہلی جماعت ہے جس نے ایم کیو ایم کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات