یونان کے بینک ایک ہفتے تک بند، رقوم نکلوانے پر پابندی

یونانی پارلیمان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے رکھی گئیں شرائط کو ماننے کے لیے ریفرینڈم کی حمایت کردی یورپی سینٹرل بینک کی جانب سے ہنگامی امدادی فنڈ میں اضافہ نہ ہونے کی وجہ سے ملک کے تمام بینک ایک ہفتہ تک بند رہیں گے، حکومت یونان

پیر 29 جون 2015 20:38

یونان کے بینک ایک ہفتے تک بند، رقوم نکلوانے پر پابندی

ایتھنز(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء)یونانی پارلیمان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے رکھی گئیں شرائط کو ماننے کے لیے ریفرینڈم کی حمایت کی ہےیونان کی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ یورپی سینٹرل بینک کی جانب سے ہنگامی امدادی فنڈ میں اضافہ نہ ہونے کی وجہ سے ملک کے تمام بینک ایک ہفتہ تک بند رہیں گے۔حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سرمایہ یا نقدی کی قلت کی وجہ سے ملک کے مالیاتی نظام کو بچانے کے لیے یہ ’انتہائی ضروری‘ اقدام ہے۔

حکم نامے کے مطابق یونان میں بینکوں کے اے ٹی ایم سے رقوم نکلوانے کی بھی حد مقرر کر دی گئی ہے جس کے تحت ایک دن میں زیادہ سے زیادہ 60 یورو تک رقم نکلوائی جا سکتی ہے۔یونان کو منگل تک عالمی مالیاتی ادارے کو ایک ارب 60 کروڑ یورو کا قرض واپس کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل یونان کو دیوالیہ پن سے بچانے کے لیے بیل آوٴٹ پیکیج پر یورپی ممالک اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان ہفتہ بھر جاری رہنے والے مذاکرات کسی معاہدے پر پہنچنے میں ناکام رہے۔

ملک کے وزیراعظم نے پانچ جولائی کو ریفرینڈم کروانے کا اعلان کیا ہے اور پارلیمان نے اْن کے فیصلے کی توثیق کی ہے۔ سنیچر کی شام یونان کی پارلیمینٹ نے پانچ جولائی کو ہونے والے ریفرنڈم کی حمایت میں ووٹ دیا۔* اتوار کی دوپہر یورپی سینٹرل بینک (ای سی بی) نے کہا کہ وہ یونان کے بینکاری نظام کے لیے ہنگامی رقوم میں اضافہ نہیں کر رہا ہے۔یونان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ہے اور ممکن ہے کہ وہ یورو زون کے 19 ممالک کا حصہ نہ رہے۔

بینک سے رقوم نکلوانے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ یونان کی کابینہ نے اتوار کو رات دیر گئے تک جاری رہنے والے طویل اجلاس کے بعد کیا۔سرکاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پیر کو ملک کی سٹاک مارکیٹ بھی بند رہے گی۔بینکوں سے رقوم نکلوانے کی یومیہ حد 60 یورو کا اطلاق غیر ملکی بینکوں کے کھاتے داروں پر نہیں ہو گا۔ملک کے وزیراعظم ایلکسس تسیپراس نے ٹی وی پر خطاب میں عوام کو پرامن رہنے کو کہا اور انھیں یقین دلایا کہ ان کی رقوم، تنخواہیں اور پنشنیں محفوظ ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ یونان کے اثاثے محفوظ ہیں اور بیل آوٴٹ کی توسیع کے لیے ایک بار پھر درخواست کی ہے، جس کے لیے وہ یورو زون کے فوری جواب کے منتظر ہیں۔یونان میں بینکوں کے باہر اے ٹی ایم سے رقوم نکلوانے کے لیے لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔