صوبے میں بین الاقوامی معیار کے میٹل ٹیسٹنگ لیب کا قیام یقینی بنا رہے ہیں۔ضیاء اللہ آفریدی

مذکورہ اقدامات میں بھرپور معاونت فراہم کریں گے۔آسٹریلوی ہائی کمشنر یورک جیزک

پیر 29 جون 2015 20:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء)خیبر پختونخواکے وزیر برائے معدنی ترقی ضیاء اللہ آفریدی نے کہا ہے کہ معدنی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے جامع ترین پالیسی مرتب کی ہے مزید برآں نئے معدنی ذخائر کی دریافت کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی معیار کے میٹل ٹیسٹنگ لیب کا قیام عمل میں لایاجا رہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا کے معدنی سیکٹرمیں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو بھرپور تحفظ اور پر امن ماحول فراہم کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکے روز پشاور میں آسٹریلوی ہائی کمشنر یورک جیزک کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی سیکرٹری معدنیات سید غضنفر حسین،فوکل پرسن انجینئر عصمت اللہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دونوں حکومتوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کی ضرورت،شعبہ معدنیات میں سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔

اس موقع پر ہائی کمشنر یورک جیزک کو خیبر پختونخوا میں معدنی وسائل،سرمایہ کاری کے مواقع اور موجودہ حکومت کی معدنی پالیسی سے متعلق بریف کیا گیا۔ ضیاء اللہ آفریدی نے واضح کیاکہ موجودہ صوبائی حکومت معدنی ترقی کو یقینی بنانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے بہترین لائحہ عمل اختیار کئے ہوئے ہے اور اس نے پاکستان کی پہلی معدنی پالیسی بھی مرتب کی ہے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے لہذا حکومت نہ صرف بیرونی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہے گی بلکہ انہیں پر امن ماحول بھی فراہم کرے گی۔

انہوں نے مزید واضح کیاکہ حکومت اس سلسلے میں دوبئی میں بہترین انویسٹمنٹ روڈ شو کا انعقادکر چکی ہے جبکہ لندن،امریکہ اور اٹلی میں بالترتیب مذکورہ شو کے ا نعقاد کا ارادہ رکھتی ہے۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر یورک جیزک نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے صوبائی حکومت کے ترقی دوست اقدامات اور معدنی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف مذکورہ لیب کے قیام اور سرمایہ کاری کے فروغ میں بھرپور معاونت کریں گے بلکہ دونوں حکومتوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو بھی مزیدمضبوط بنانے کی کوشش کریں گے۔

ضیاء اللہ آفریدی نے یورک جیزک کے خیر سگالی کے جذبات اور معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیاکہ خیبر پختونخواحکومت بھی آسٹریلیا کیساتھ بہترین تعلقات استوار کرنے کی خواہاں ہے مگر اس کوعملی جامہ پہنانے کے لئے دونوں حکومتوں کے اعلیٰ حکام کے درمیان باہمی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔