عبد القادر گیلانی کی ڈگری منسوخ

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 28 جون 2015 13:49

عبد القادر گیلانی کی ڈگری منسوخ

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28جون۔2015ء)پنجاب یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے ہفتے کے روز سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے سب سے بڑے بیٹے عبد القادر گیلانی کی ڈگری منسوخ کردی۔ عبد القادر پر پہلے الزام تھا کہ 2005-06 میں بی اے کے ایک امتحان کے دوران غیر قانونی طریقے استعمال کرنے کے بعد پکڑے جانے پر امتحانی عمل میں انہوں نے خلل پیدا کی۔

(جاری ہے)

بعدازاں اس سلسلے میں ان پر کیس رجسٹر کیا گیا تاہم وائس چانسلر ارشد محمود کی قیادت میں ایک پانچ رکنی کمیٹی نے انہیں الزامات سے بری کردیا۔

دوسری جانب انسداد کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے ایف آئی کی جانب سے کیس دیے جانے کے بعد معاملے پر تحقیقات شروع کردیں۔ تاہم تحقیقات اس وقت روک دی گئیں جب ایک ڈپٹی ڈائریکٹر کا تبادلہ ہوگیا جو کہ دو رکنی انکوائری ٹیم کی سربراہی کررہے تھے۔ کیس کو دوبارہ کھولا گیا اور پنجاب یونیورسٹی نے انکوائری کا آغاز کیا۔ سینڈیکیٹ نے اکثریتی ووٹ سے فیصلے کیا کہ عبدالقادر کی بی اے کی ڈگری منسوخ کردی جائے۔