چینی آبدوز کی کراچی آمد،بھارت میں کھلبلی

آبدوز پر60سے زائد عملے کے اراکین موجود تھے، آبدوز جدید ہتھیاروں اور اینٹی شپ میزائلوں سے لیس تھی، آبدوزنے کراچی بندر گا ہ میں ایک ہفتہ قیام کیا،رپورٹ

ہفتہ 27 جون 2015 22:48

چینی آبدوز کی کراچی آمد،بھارت میں کھلبلی

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جون۔2015ء) بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی سیکورٹی اسٹیبلشمنٹ ساؤتھ بلاک میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب چین کی انتہائی جدید اور مہلک آبدوز بھارتی پانیوں سے گزر کر کراچی بندرگاہ پہنچی۔ آبدوز پر60سے زائد عملے کے اراکین موجود تھے، آبدوز جدید ہتھیاروں اور اینٹی شپ میزائلوں سے لیس تھی، آبدوزنے کراچی بندر گا ہ میں ایک ہفتہ قیام کیا اور ایندھن بھرنے کے بعد چین واپس پہنچ گئی۔

اخبار کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے بیجنگ کی سب سے پہلی آبدوز کی تعیناتی نے خطے میں بلی اور چوہے کے کھیل کا آغاز کردیا ہے۔ اخبار اپنی ایک خصوصی رپورٹ میں لکھتا ہے کہ بحیرہ عرب کے پہلے سے ہی ہنگامہ خیز حالات میں حالیہ برسوں میں اب تک کا بھارت کیلئے سب سے زیادہ خطرناک واقعہ پیش آیا ہے،گزشتہ ماہ بھارتی بحریہ کیلئے ایک بڑا الرٹ تھا جب چین کی سب سے خطرنا ک لڑاکا آبدوز یوآن کلاس335 نے بحیرہ عرب کو عبور کیا اور 22مئی کو کراچی بندرگاہ میں داخل ہوئی۔

(جاری ہے)

آبدوز پر مبینہ طور پرکم از کم 65 اراکین پر مشتمل عملہ تھا ور اس نے ایک ہفتہ کراچی کی بندرگاہ پر گزارا جہاں اس نے ایندھن بھرا ، یہ واقعہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ بیجنگ کے ایک ہفتے بعد پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق رواں برس31مارچ کو چین کی مہلک روایتی آبدوز جنوبی چین کے سمندر میں ہینان جزیرے سے روانہ ہوئی، یوآن کلاس آبدوز 335 ٹارپیڈوز، اینٹی شپ میزائلوں سے لیس تھی، اس میں air-independent pro-pulsion نظام نصب تھا جوڈرامائی طور پر اس کی زیرِآب رہنے کی صلاحیت میں اضافہ کرتا ہے۔

آبدوز 15دن کے بعد خلیج عدن میں داخل ہوئی۔ یہ آبد وز کی پہلی بندرگاہ تھی جو ساوتھ بلاک سیکورٹی اسٹیبلشمنٹ کی نظروں میں آگئی۔ بھارتی اخبار کے مطابق خاص بات یہ ہے کہ چین آئندہ چند سال کے اندر اندر پاکستان کو 8یوآن کلاس آبدوز کی فروخت کرے گا۔ 28 مئی کو بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آر کے دھوان نے کہا تھا کہ بھارت بحر ہند میں چینی بحریہ کی سرگرمیوں کی نگرانی باریک بینی سے کر رہا ہے، انہوں نے اشارہ دیا کہ دنیا کے سب سے اہم سمندر میں ایک نیا گریٹ گیم شروع ہو چکا ہے۔

اخبار نے نیویارک کے تھنک ٹینک کونسل آن فارن ریلیشن کے حوالے سے لکھا کہ پاکستان کادنیا میں سب سے تیز جوہری پروگرام ہے۔ چینی ٹیکنالوجی کی مدد سے پاکستان کے تیار کردہ وارہیڈز سو اور 120کے درمیان، جبکہ چین کے ڈھائی سو اور بھارت کے 90سے سو کے درمیان ہیں۔

متعلقہ عنوان :