گرمی سے اموات‘ سندھ ہائیکورٹ میں کے الیکٹرک کیخلاف درخواست دائر،نیپرا نے کراچی میں بجلی بحران کا نوٹس لے لیا‘وجوہات جاننے کیلئے 4 رکنی کمیٹی قائم کردی

جمعرات 25 جون 2015 00:04

گرمی سے اموات‘ سندھ ہائیکورٹ میں کے الیکٹرک کیخلاف درخواست دائر،نیپرا ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون۔2015ء) سندھ ہائی کورٹ میں گرمی سے اموات پر کے الیکٹرک کے خلاف درخواست دائر کردی گئی جبکہ نیپرا نے کراچی میں بجلی بحران کا نوٹس لیتے ہوئے وجوہات جاننے کیلئے چار رکنی کمیٹی قائم کردی ۔

(جاری ہے)

بدھ کو سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں درخواست گزار فیض الحسن نے موٴقف اختیار کیا کہ گرمی اور لوڈشیڈنگ سے ہونے والی تمام اموات کی ذمہ داری کے الیکٹرک پر عائد ہوتی ہے۔

لہذاٰ کے الیکٹرک سے بجلی کی پیداوار، کھپت اور شارٹ فال کی رپورٹ طلب کی جائے۔ دوسری جانب ترجمان نیپرا کے مطابق کراچی میں بجلی کے بحران پر قائم کمیٹی میں کنسلٹنٹس نیپرا مسعود احمد خان سمیت دیگر تین افراد شامل ہیں جنہیں فوری طور پر کراچی پہنچ کر معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ پہلے بھی کے الیکٹرک کی جانب سے پوری صلاحیت سے بجلی نہ بنانے کا نوٹس لیا تھا۔