مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے، کوئی بھی انگلی نہیں اٹھاسکتا، شہبازشریف، منصوبوں میں سب سے کم بولی دینے والی کمپنیوں کے ساتھ کامیاب بات چیت کر کے قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں،،شفافیت، معیار اور تیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل حکومت کاطرئہ امتیازہے،ترقی کا سفر نئے عزم کیساتھ دوبارہ شروع کیا ہے،صاف پانی منصوبے کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیا گیا ہے، 3برس میں صاف پانی پراجیکٹ پر 70ارب روپے صرف کئے جائیں گے،2017ء تک پنجاب کی تمام تحصیلوں میں صاف پانی پراجیکٹ کے تحت پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ، رمضان بازاروں کیساتھ عام مارکیٹوں میں بھی معیاری اشیاء ضروریہ ،پھلوں وسبزیوں کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے،وزیراعلیٰ پنجاب کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

اتوار 21 جون 2015 18:40

مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے، کوئی بھی انگلی نہیں اٹھاسکتا، ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جون۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کی بے لوث خدمت کر رہی ہے اوروزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو درپیش چیلنجزسے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔ شفافیت، معیار اور تیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ(ن) کی حکومت کاطرئہ امتیازہے۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے اور کوئی بھی حکومت پر انگلی نہیں اٹھاسکتا۔وہ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ(ن) کے اراکین اسمبلی سے گفتگوکررہے تھے ،جنہوں نے وزیراعلیٰ سے یہاں ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ برس دھرنوں اوراحتجاج کی سیاست کے باعث قومی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچا اور ترقی و خوشحالی کے سفر میں دھرنوں نے رخنہ ڈالا ۔

(جاری ہے)

قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے والوں نے ملک کا احساس کیا نہ عام آدمی کا۔ اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ترقی کا سفر نئے عزم کے ساتھ دوبارہ شروع کیا ہے اوراب نئے جذبے کے ساتھ آگے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے اپنے وسائل سے لگائے گئے قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں پاکستان کے سب سے پہلے اوربڑے سو میگاواٹ کے سولر منصو بے سے بجلی کی پیداوار کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ چین کے تعاون سے 900میگا واٹ کے سولر منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور اس منصوبے کو بھی ریکارڈ مدت میں مکمل کیاجائے گا-وزیراعلیٰ نے پنجاب کی ترقی اورعوام کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں میرٹ ،شفافیت اورترقیاتی منصوبوں کی برق رفتاری سے تکمیل کے کلچر کو فروغ دیا گیا ہے ۔

کوئی حکومت پر ایک پائی کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا ۔ پنجاب میں عوام کی فلاح و بہبود، انہیں تعلیم ،صحت اوردیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے پر اربوں روپے صرف کیے جارہے ہیں۔2017ء تک پنجاب کی تمام تحصیلوں میں صاف پانی پراجیکٹ کے تحت پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور اس منصوبے کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیا گیا ہے اور آئندہ 3برس کے دوران صاف پانی پراجیکٹ پر 70ارب روپے صرف کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ محنت،امانت اوردیانت جیسے سنہری اصول اپنا کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔عوام کی مایوسیوں کو خوشیوں اور تکلیفوں کو راحت میں بدلنے کیلئے دن رات ایک کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں کے اپنا روزگار سکیم کے تحت50ہزار گاڑیاں میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کی جارہی ہے جس کیلئے جنوبی پنجاب کے اضلاع کاکوٹہ بڑھایا گیا ہے،اربوں روپے کا یہ منصوبہ شفافیت اورمیرٹ کا منہ بولتا شاہکار ہے۔

”خادم پنجاب دیہی روڈزپروگرام“ کے تحت تمام دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر ومرمت کا پروگرام شروع کیا گیاہے جس پر 3برس کے دوران 150ارب روپے خرچ کئے جائیں گے -انہوں نے کہا کہ منصوبوں میں سب سے کم بولی دینے والی کمپنیوں کے ساتھ کامیاب بات چیت کر کے رضاکارانہ طو رپر قیمتوں کو کم کرا کر قوم کے اربوں روپے بچائے گئے ہیں اور پاکستان کی تاریخ میں قومی وسائل کی بچت کی ایسی کوئی مثال نہیں ملتی جو پنجاب حکومت نے قائم کی ہے،ایک ایک پائی قوم کی امانت ہے اورپاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کے وسائل ان پر صرف کررہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے رمضان بازاروں میں رمضان پیکیج کے تحت عوام کوریلیف کی فراہمی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت نے رمضان المبار ک کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کا تاریخی رمضان پیکیج دیاہے -رمضان بازاروں کے ساتھ عام مارکیٹوں اور بازاروں میں بھی ضروری اشیاء کی معیاری اور سستے داموں فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے اور اس ضمن میں صوبائی مانیٹرنگ کمیٹی اور انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں-انہوں نے کہاکہ عوام کو رمضان المبارک کے دوران حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لئے متعلقہ اداروں کے ساتھ منتخب نمائندوں کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے - رمضان پیکیج پر بہترین کارکردگی دکھانے والے تین اضلاع کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ خراب کارکردگی دکھانے والے اضلاغ کے افسران کی باز پرس ہوگی -انہوں نے کہا کہ خلق خدا کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں، گراں فروشوں کو اس دنیا کے ساتھ آخرت میں بھی حساب دینا پڑے گا۔