دہشت گردی کی کارروائیوں میں کمی واقع ہونیوالے ممالک میں پاکستان سرفہرست

ہفتہ 20 جون 2015 12:33

دہشت گردی کی کارروائیوں میں کمی واقع ہونیوالے ممالک میں پاکستان سرفہرست

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 جون۔2015ء) امریکی محکمہ خارجہ نے دہشت گردی سے متعلق 2014 کی رپورٹ جاری کردی جس میں کہا گیا کہ پاکستانی فوج طالبان سمیت تمام کالعدم تنظیموں کے خلاف بلا تفریق آپریشن کررہی ہے جب کہ جن ممالک میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی واقع ہوئی اْس میں پاکستان سرفہرست ہے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے مختلف ممالک میں دہشت گردی کے واقعات سے متعلق 2014 کی سالانہ رپورٹ جاری کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 2014 میں دنیا کے 95 ممالک دہشت گردوں کی کارروائیوں کا نشانہ بنے اور ان واقعات میں 35 فیصد اضافہ ہوا جب کہ دہشت گردی سے ہلاکتوں میں 81 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا جن میں عراق، افغانستان سرفہرست ہیں تاہم کچھ ممالک میں ان کارروائیوں میں کمی بھی دیکھنے میں آئی جس میں پاکستان سرفہرست ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی اور فرقہ وارانہ بنیاد پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم افواج پاکستان تحریک طالبان سمیت دیگر کالعدم تنظیموں کے خلاف بلا تفریق آپریشن کررہی ہے جب کہ افغان طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے بھی پاکستان میں محفوظ ٹھکانے تلاش کیے جارہے ہیں۔رپورٹ میں ایران کے حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران نے جوہری مذاکرات کے باوجود شام کو ہتھیار فراہم کیے اور عراق میں داعش جب کہ لبنان میں حزب اللہ اور فلسطین میں حماس کی پشت پناہی بھی کی۔

متعلقہ عنوان :