الطاف حسین کا خواجہ آصف کے بیان پر ایک بار پھر پارٹی قیادت چھوڑنے کا اعلان

منگل 16 جون 2015 11:16

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جون۔2015ء ) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین نے ایک بار پھر پارٹی کی قیادت چھوڑنے کا اعلان کر دیا ۔منگل کی صبح نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں مہاجروں کا مذاق اڑایاگیا، بہت ہو چکا، وزیر دفاع خواجہ آصف نے مسلم اقلیتی صوبوں کے مسلمانوں کی قربانیوں پر خط تنسیخ کھینچ دیا ہے، مہاجروں کا مذاق اڑایا گیا جو ناقابل برداشت ہے۔

قومی اسمبلی میں متحدہ کے خلاف خواجہ آصف کے بیان پر انہوں نے احتجاجاََ پارٹی قیادت چھوڑنے کا اعلان کیا۔الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پوری قومی اسمبلی خواجہ آصف کے بیان پر خاموش بیٹھی رہی، خواجہ آصف نے ایوان میں کہا کہ صرف لدھیانہ اور جالندھر سے ہجرت کرنے والے مہاجر ہیں جبکہ مشرقی پنجاب کے علاوہ یو پی، سی پی، بہار، حیدر آباد دکن، علی گڑھ، لکھنو، آگرہ سے بھی 20 لاکھ افراد نے ہجرت کی تھی۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے کہا کہ اب محسوس ہو گیا ہے کہ لوگ مجھے سننا نہیں چاہتے تھے پارٹی کا بانی تو میں ہوں مگر قیادت سے خود کو الگ کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ 37 سال سے مسلم اقلیتوں کے مسلمانوں کو متحد کرنے کی جدوجہد کر رہے تھے لیکن اب مایوس ہو کر قیادت چھوڑنے کا اعلان کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مذاق اڑایا گیا جس پر پوری قوم خاموش رہی۔خیال رہے کہ الطاف حسین کی جانب سے کئی بار پارٹی قیادت چھوڑنے کا اعلان کیا گیا ہے مگر پھر وہ دوبارہ پارٹی قیادت سنبھال لیتے ہیں، گزشتہ ماہ الطاف حسین نے امریکا میں کارکنوں سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ آئندہ کبھی بھی پارٹی قیادت چھوڑنے کی بات نہیں کریں گے۔