مسلم لیگ ن عوامی اقدار کی پاسداری کیلئے خدمت خلق میں مصروف ہے ،وزیر اعظم دن رات عوامی مسائل کے حل کیلئے ان تھک محنت کر رہے ہیں

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا بدوملہی میں فلاحی تنظیم کی تقریب سے خطاب

پیر 15 جون 2015 23:05

نارووال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن عوامی اقدار کی پاسداری کے لیے خدمت خلق میں مصروف ہے ،وزیر اعظم نواز شریف دن رات عوامی مسائل کے حل کے لیے ان تھک محنت کر رہے ہیں۔ وہ پیر کو بدوملہی میں فلاحی تنظیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے وعدے پورے کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

اور وزیر اعظم بلا سود قرضہ سکیم بھی انہی وعدوں میں سے ایک ہے۔ اب عوام کو چاہیے کہ اس رقم کو ایمانداری کے ساتھ اپنے کاروبار میں استعمال کریں۔ اگر عوام اس سلسلے میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے تو اس رقم کو بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔ تقریب میں فلاحی تنظیم کے توسط سے یونین کونسل باٹھانوالہ، گدیاں اور بھینیاں کے 100ضرورت مند افراد میں وزیر اعظم بلا سود قرضہ سکیم کے 20ہزار (فی کس) کے چیک تقسیم کیے گئے۔

(جاری ہے)

فلاحی تنظیم کے بانی سردار رمیش سنگھ اروڑاMPAاقلیتی نشست نے تقریب میں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے آنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔قبل ازیں احسن اقبال چودھری نے بدوملہی کے نواحی گاؤں کھوکھروالی میں جا کر مرکزی جمعیت اہل حدیث تحصیل نارووال کے ناظم تبلیغ رانا خورشید احمد کی رہائش گاہ پر ان کے جواں سال بیٹے حافظ رانا جمشید احمد کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ممبر صوبائی اسمبلی خواجہ محمد وسیم بٹ ، مسلم لیگ ن ضلع نارووال کے صدرملک طارق محمود اعوان بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :