ایم کیو ایم والے امام مسجد نہیں، ان کے کالے کرتوت سب کے سامنے ہیں، متحدہ گزشتہ 25سال سے اقتدار میں ہے،(ن) لیگ ایم کیو ایم کے سیاسی جماعت بننے تک اس سے شراکت داری نہیں کرے گی، اصل مہاجر وہ ہیں جو خون کی ندیاں پار کر کے پاکستان آئے ، وہ خود کو مہاجر نہیں پاکستانی کہتے ہیں

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی سے گفتگو

پیر 15 جون 2015 23:04

ایم کیو ایم والے امام مسجد نہیں، ان کے کالے کرتوت سب کے سامنے ہیں، متحدہ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم والے امام مسجد نہیں ان کے کالے کرتوت سب کے سامنے ہیں، یہ گزشتہ 25سال سے اقتدار میں ہے،(ن) لیگ ایم کیو ایم کے سیاسی جماعتوں بننے تک اس سے شراکت داری نہیں کرے گی، اصل مہاجر وہ ہیں جو خون کی ندیاں پار کر کے پا کستان آئے لیکن وہ خود کو مہاجر نہیں پاکستانی کہتے ہیں۔

وہ پیر کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی ترمیمی آرڈیننس پارلیمنٹ میں آ چکا ہے ، آج اس میں توسیع کی قرار داد پیش کی گئی، جس پر ایم کیو ایم نے اعتراض کیا کہ انہیں معلوم ہے کہ ان کے کالے کرتوت سب کے سامنے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم والے امام مسجد نہیں ہیں، رینجرز کی رپورٹ نے سب کچھ واضح کر دیا ہے یہ گزشتہ پچیس سال سے اقتدار میں ہیں اور مسلم لیگ(ن) کے ساتھ بھی 2 مرتبہ اقتدار میں آ چکی ہے، اب جب تک ایم کیو ایم ایک سیاسی جماعت نہیں بنتی ، ہم ان کے ساتھ شراکت داری نہیں کر سکتے کیونکہ یہ صبح اور بیان دیتی ہے اور شام کو اور ، ابھی تک یہ اپنی غلطیوں سے سبق نہیں سیکھ رہی، اصل مہاجر سیالکوٹ میں رہتے ہیں جو جالندھر اور لدھیانہ سے ہجرت کر کے پاکستان آئے اور انہوں نے کئی قربانیاں دیں اور ان کے خون کی ندیاں بہیں جنہیں پار کر کے وہ یہاں تک پہنچے، لیکن وہ لوگ اپنے آپ کو مہاجر نہیں کہتے بلکہ پاکستانی کہتے ہیں، لیکن متحدہ والے جو پر امن ماحول میں پاکستان پہنچے اور کراچی میں رہائش پذیر ہیں اس کے باوجود آج تک وہ اپنے آپ کو پاکستانی نہیں بلکہ مہاجر کہتے ہیں