تبدیلی کے دعویداروں نے خیبرپختونخوا کے عوام کو مایوس کیا‘زعیم قادری

ترقیاتی بجٹ کا 70فیصد استعمال نہ کرنے والے کے پی کے میں کس ڈھنگ سے حکومت کر رہے ہیں تحریک انصاف کے رہنماحقائق مسخ کر کے قوم کو گمراہ نہیں کر سکتے‘ جھوٹ کی سیاست ان کا وطیرہ ہے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میں پولیس کی غیرجانبداری اور غیرسیاسی کارکردگی کا پول کھل گیا‘رکن پنجاب اسمبلی

پیر 15 جون 2015 22:59

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء ) پنجاب اسمبلی کے رکن سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کی پارٹی نے دھرنوں میں قوم کا وقت برباد کیا ہے‘ تبدیلی کے دعویداروں نے خیبرپختونخوا کے عوام کومایوس کیا، ترقیاتی بجٹ کا 70فیصد استعمال نہ کرنے والے کے پی کے میں کس ڈھنگ کی حکومت کر رہے ہیں؟ بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود کا ایک بھی منصوبہ نہ لا کر پی ٹی آئی حکومت نے عوام کو سخت مایوس کیا۔

خیبرپختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میں پولیس کی غیرجانبداری اور غیرسیاسی کارکردگی کا پول کھل گیا۔ عوام نے کے پی کے پولیس کو کھلم کھلا حکومتی پارٹی کی حمایت کرتے دیکھا۔ سیدزعیم حسین قادری نے پی ٹی آئی رہنماء کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ اورالزامات کی سیاست تحریک انصاف کے لیڈروں کا وطیرہ بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رہنما حقائق کو مسخ کر کے قوم کو گمراہ نہیں کر سکتے۔

پی ٹی آئی کی سیاست کا محور محض الزام تراشی ہے‘ وہ خود کچھ پیش کرنے کے قابل نہیں۔سیدزعیم حسین قادری نے کہا کہ عمران خان اور ان کے ساتھی کام کرنے کی بجائے محض بے بنیاد الزام تراشی کرتے رہتے ہیں۔ پنجاب میں امن و امان کے بارے میں بے بنیاد واویلا کرنے والے خیبرپختونخوا کی صورتحال پر بھی غور فرمائیں۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے‘ کے پی کے کے عوام انتہائی مایوس ہیں۔قوم اب انقلاب کے جھوٹے نعرے لگانے والوں کے جھانسے میں نہیں آئے گی۔ پی ٹی آئی والوں سے پنجاب کی ترقی دیکھی نہیں جاتی‘ محض تنقید کی بجائے کام کر کے دکھائیں۔پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے‘ انشاء اللہ عوامی خدمت کے وعدے پورے کریں گے۔