سپیکر قومی اسمبلی سے اطالوی نائب وزیر خارجہ کی ملاقات ، پاکستان اور اٹلی مابین باہمی پارلیمانی رابطوں کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

پارلیمانی رابطے پاکستان اور اٹلی کے مابین تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ، ایاز صادق کی گفتگو

پیر 15 جون 2015 22:16

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور اطالوی نائب وزیر خارجہ بینیڈیٹو ڈیٹا ویدووا نے پاکستان اور اٹلی کو قریب لانے کے لیے باہمی پارلیمانی رابطوں کو مزید مستحکم بنانے سے اتفاق کیا ہے ۔انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ اور بزنس کمیونٹی کے درمیان رابطوں کو مزید فروغ دینے سے بھی اتفاق کیا۔

یہ اتفاق رائے پیر کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر قومی اسمبلی سے اطالوی نائب وزیر خارجہ بینیڈیٹو ڈیٹا ویدووا کے مابین ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ سپیکر نے کہاکہ پاکستان اٹلی کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ اور تاجربرادری کے درمیان رابطوں کو فروغ دے کر تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ اور تاجر برادری کے مابین فعال رابطے باہمی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ سپیکر نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی سطح پر ہونے والے رابطوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سپیکر نے اطالوی وزیر خارجہ کو موجودہ پارلیمنٹ کے تنظیمی ڈھانچے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ پارلیمنٹ ترقی پسند قوتوں پر مشتمل ہے اور پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی قوتیں اہم قومی اہمیت کے حامل امور پر یکساں کوموقف رکھتیں ہیں۔

خطے میں امن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات پر یقین رکھتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تمام تصفیہ طلب معاملات کو پرامن طور پر حل کرنے کا خواہاں ہے جو خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کی وجہ سے معصوم شہریوں اور بہادر قانون نافذ کرنے والوں کے بھاری جانی نقصان کے علاوہ پاکستان کی معیشت کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام سیاسی قوتوں کے اتفاق رائے سے دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب سے کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور علاقے کے ایک بڑے حصے کو دہشتگردوں سے پاک کردیا گیا ہے ۔ سردار ایاز صادق نے اقتصادی شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے امکانات کی تلاش کے لیے اسلام آباد میں قائم اطالوی مشن کو دونوں ممالک کی تاجر برادری میں رابطوں کے لیے انتظامات کرنے کی تجویز دی۔

انہوں نے کہا کہ تجارت، تعمیری ڈھانچے ، بجلی اور صنعت کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاک-چین اقتصادی راہداری کے قیام سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع دستیاب ہونگے جن سے اطالوی تاجر برادری بھی مستفید ہوسکتی ہے ۔اطالوی نائب وزیر خارجہ بینیڈیٹو ڈیٹا ویدووا نے کہا کہ ان کے دورہ پاکستان کا مقصد پاکستان کی سیاسی قیادت اور بزنس کمیونٹی سے باہمی تعلقات اور دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے نئے امکانات کا جائزہ لینا ہے ۔

ا نہوں نے کہا کہ ان کی حکومت بھی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے دہائیوں پر محیط دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم کی ثابت قدمی کو سراہا۔ انہوں نے اپنی حکومت کی طرف سے اقتصادی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے غیر متزلزل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ اطالوی تاجر برادری یقینی طور پر پاکستان میں مستقبل قریب میں ہونے والی اقتصادی سرگرمیوں سے مستفید ہونا پسند کرے گی۔