چیئر مین سینٹ نے فرحت اﷲ بابر کی طرف سے ڈی جی رینجرز کے بیان پر تحریک التواء زیر بحث لانے کی استدعا مسترد کردی

رینجرز نے اختیارا ت کا بے دریغ استعمال کیا ٗ لوگ لاپتہ ہوئے ٗ مارورائے عدالت قتل ہوئے ٗ تحریک التواء بحث کیلئے منظور کی جائے ٗ فرحت اﷲ بار امن وامان صوبائی معاملہ ہے ٗڈی جی رینجرز کے بیان کی اہمیت کے پیش نظر اسے نکتہ اعتراض کی صورت میں بدھ کو ایوان میں پیش کیاجائے ٗ رضا ربانی آئین کے تحت رینجرز کو تعینات کیا گیا ہے ٗجب تک صوبائی حکومت کو ضرورت ہوگی رینجرز خدمات سرانجام دیتی رہیں گی ٗ انجینئر بلیغ الرحمن

پیر 15 جون 2015 22:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) چیئر مین سینٹ میاں رضا ربانی پیپلز پارٹی کے رکن فرحت اﷲ بابر کی طرف سے ڈی جی رینجرز کے بیان پر تحریک التواء زیر بحث لانے کی استدعا مسترد کر تے ہوئے قرار دیا ہے کہ امن وامان صوبائی معاملہ ہے تاہم ڈی جی رینجرز کے بیان کی اہمیت کے پیش نظر اسے نکتہ اعتراض کی صورت میں بدھ کو ایوان میں پیش کیاجائے ۔

(جاری ہے)

پیر کو پیپلز پارٹی کے رکن سینیٹر فرحت اﷲ بابر نے ڈی جی رینجرز کی طرف سے کراچی میں مختلف جرائم کے ذریعے 230ارب روپے غیر قانونی طورپر وصول کئے جانے سمیت دیگر امور کے بارے میں ان کے بیان کو زیر غور لانے کیلئے تحریک التواء بحث کیلئے منظور کر نے کی درخواست کی انہوں نے کہا کہ رینجرز کو اکتوبر 2013میں چار ماہ کیلئے کراچی لایا گیا تاکہ وہ جرائم کی بیخ کنی کر سکیں بعد ازاں انہیں تحفظ پاکستان ایکٹ کے ذریعے متعدد اختیارات دے دیئے گئے جن میں کسی شخص کو نوے روز تک زیر حراست رکھنے ٗمزاحمت پر گولے مارنے اور تلاشی جیسے اختیارات شامل تھے انہوں نے کہاکہ چار ماہ کے عرصے میں بار بار توسیع کی گئی اور اب دو سال ہونے کو ہیں رینجرز کراچی میں موجود ہیں اس دور ان اختیارات کا بے دریغ استعمال بھی کیا گیالوگ لاپتہ بھی ہوئے ماورائے عدالت قتل بھی ہوئے مومن آباد سٹیشن پر چڑھائی کر کے کانسٹیبل کو اغواء کیا گیا انہوں نے کہا کہ آج یہ بات کی جارہی ہے کہ مختلف جرائم کی مدد میں 230ارب روپے سالانہ وصول کئے جارہے ہیں اور کہا گیا ہے کہ اس کے پیچھے با اثر سیاسی لوگ ہیں تاہم ان کا نام نہیں بتایا گیا دو سال کے بعد ایسی باتیں کر نے کا مطلب ہے کہ رینجرز ناکام ہوگئی ہے اور وہ بر ملا اپنی ناکام کا اعتراف کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ دفاعی مقاصد کیلئے زمینیں حاصل کر کے ان پرہاؤسنگ سوسائٹیاں ٗ پلازے اور گالف کورس قائم کئے گئے یہ قواعد کے خلاف ہے اب ڈی جی رینجرز کی طرف سے یہ بیان جرائم کی مد میں مافیا سالانہ 230ارب روپے غیر قانونی طورپر وصول کررہاہے غیر معمولی اہمیت کاحامل ہے اس کی اہمیت کے پیش نظر ایوان کی کارروائی معطل کر کے تحریک التواء بحث کیلئے منظور کی جائے خواہ اس کیلئے بجٹ پر بحث مکمل ہو نے کے بعد کا وقت دے دیا جائے وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا کہ تحفظ پاکستان ایکٹ کی منظوری سے پہلے ہی رینجرز کراچی میں موجود تھیں اور آئین کے تحت صوبائی حکومت کی درخواست پر رینجرز کو کراچی میں تعینات کیا گیا اور جب تک صوبائی حکومت کو ضرورت ہوگی رینجرز خدمات سرانجام دیتی رہیں گی انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے کراچی کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مکمل مشاورت کی اور ٹیم کا سربراہ مقرر کیا ایپکس کمیٹیاں اپنا کام کررہی ہیں جن میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہ بھی شامل ہیں انہوں نے کہاکہ تحفظ پاکستان ایکٹ کی منظوری کے وقت تمام معاملات پر تفصیل سے بات ہوچکی ہے اور سب لوگوں نے متفقہ طورپر اس کی منظوری دی تھی انہوں نے کہاکہ اگر تحریک التواء بحث کیلئے منظور کی جاتی ہے تو حکومت اس حوالے سے اپنا تفصیلی موقف پیش کریگی چیئر مین سینٹ میاں رضا ربانی نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سینیٹر فرحت اﷲ بابر اور وزیر مملکت انجینئر بلیغ الرحمن کا موقف سنا ہے انہوں نے کہاکہ ڈی جی رینجرز کے بیان کے حوالے سے جو نکات اٹھائے گئے ہیں تاہم امن وامان صوبائی معاملہ ہے یہ امر افسوس ناک ہے کہ میٹنگز کے دور ان کراچی میں بالادستی کیلئے وفاقی حکومت صوبائی خود مختاری سے تجاوز کرتی رہی ہے اور فیڈرل گور نمنٹ نے اس حوالے سے تجاوز جاری رکھا اس لئے اس معاملہ کو بغیر چیک کئے اور بغیر جواب حاصل کئے نہیں چھوڑا سکتا جس کیلئے موزوں اور پارلیمانی طریقہ یہ ہے کہ نکتہ اعتراض کے ذریعے یہ معاملہ سامنے لایا جائے جس کیلئے انہوں نے بدھ کو نکتہ اعتراض پیش کر نے کو کہا ۔

متعلقہ عنوان :