ملزم شعیب شیخ ایف آئی اے اسلام آباد کو مطلوب ہے ،وفاقی وزارت داخلہ کا ایگزیکٹ کے سربراہ کو کراچی سے اسلام آباد منتقلی کیلئے صوبائی محکمے کوخط

پیر 15 جون 2015 21:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) وفاقی وزارت داخلہ نے آئی ٹی کمپنی ایگزیکٹ کے سربراہ شعیب شیخ کی اسلام آباد منتقلی کیلئے محکمہ داخلہ سندھ کو خط ارسال کر دیا گیا ہے ،محکمہ داخلہ سندھ ملزم کی ایف آئی اے اسلام آباد حوالگی کیلئے عدالت سے رجوع کرے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے ایگزیکٹ کمپنی کے سربراہ شعیب شیخ کے خلاف ایف آئی اے اسلام آباد میں درج مقدمے میں ملزم کی اسلام آباد منتقلی کیلئے محکمہ داخلہ سندھ کو خط ارسال کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ ملزم ایف آئی اے اسلام آباد کو مطلوب ہے، لہٰذا اس کی اسلام آباد منتقلی کے انتظامات کئے جائیں۔

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ ملزم کو ایف آئی اے اسلام آباد کے حوالے کرنے کیلئے متعلقہ عدالت سے رجوع کرے گا۔ واضح رہے کہ شعیب شیخ کی حوالگی سے متعلق ایف آئی اے اسلام آباد نے وزارت داخلہ کو ایک خط لکھا ہے جس کی روشنی میں وزارت داخلہ نے محکمہ داخلہ سندھ سے رابطہ کیا ہے۔