Live Updates

پی ٹی آئی کانادرا کی جانب سے پی ٹی آئی پر گمراہ کن مہم چلانے کے الزامات کیخلاف قانونی کارروائی کا عندیہ

نہ تو ہمارے وکیل اور نہ ہی الیکشن ٹریبونل کے جج نے ضمنی رپورٹ طلب کی ٗ شیریں مزاری کا بیان

پیر 15 جون 2015 20:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے پی ٹی آئی پر گمراہ کن مہم چلانے کے الزامات کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ترجمان شیریں مزاری نے پیر کو اپنے بیان میں کہا کہ نہ تو ہمارے وکیل اور نہ ہی الیکشن ٹریبونل کے جج نے ضمنی رپورٹ طلب کی۔

انہوں نے کہا کہ نادرا نے اس حوالے سے غلط بیانی سے کام لیا ہے۔شیریں مزاری نے نادرا کو چیلنج کیا کہ وہ ایسی کسی درخواست کا ثبوت پیش کرے۔ترجمان شیریں مزاری نے کہا کہ نادرا کا جھوٹ اس بات کا عکاس ہے کہ اس پر حکومت کا کتنا دباؤ ہے شیریں مزاری نے کہا کہ ان کی جماعت نادرا کے اس بیان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے بارے میں سوچ رہی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ نادرا نے تحریک انصاف پر گمراہ کن مہم کے ذریعے دباؤ ڈالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’پی ٹی آئی کی قیادت نادرا اور اس کے چیئرمین پر دباؤ ڈال رہی ہے۔

اْس نے موقع کا استعمال کرتے ہوئے نادرا ملازمین کی یونین کے اراکین کے ساتھ ملاقاتوں میں انہیں دھرنوں اور رجسٹریشن کے مراکز کو بند کرنے پر اکسایا ہے۔نادرا کے ترجمان نے کہا کہ ’’ضمنی رپورٹ، انتخابی ٹریبونل کو دونوں جماعتوں کے وکیلوں کی درخواستوں پر جمع کرائی گئی تھی، تاہم کارروائی کے دوران جب پی ٹی آئی کے وکیل نے اس بات سے انکار کیا کہ انہوں نے ضمنی رپورٹ پیش کرنے کے لیے نادرا سے درخواست کی تھی تو نادرا کے چیئرمین نے پی ٹی آئی کے وکیل کی درخواست پر مبنی ایک خط فاضل جج کے سامنے پیش کردیا تھا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات