آل پاکستان بزنس فورم اور رومانیہ کے سفارت خانے کے مابین تجارت اور ثقافت کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پردستخط

پیر 15 جون 2015 19:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) آل پاکستان بزنس فورم (اے پی بی ایف ) اور رومانیہ کے سفارت خانے نے تجارت اور ثقافت کو فروغ دینے کیلئے پیرکومفاہمتی یادداشت پردستخط کردیئے۔مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب رومانیہ کے سفیر Ion Emilian اورآل پاکستان بزنس فورم کے صدرابراہیم قریشی کی صدارت میں ہوئی۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق دونوں ممالک رومانیہ اورپاکستان کے مابین قریبی افہام وتفہیم میں اضافہ کیلئے تجارتی روابط اور ثقافتی تبادلوں کوفروغ دیں گے۔

اس پروگرام کے ذریعے ترقیاتی اقدامات اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان سیکٹر پرمرکوزیکساں اور بات چیت کیلئے B2B اجلاس منعقد اورکاروباری وفود کے دوروں کا انتظام کیا جائے گا۔ یہ سرگرمیاں تعلیمی تعلقات اورسماجی ترقی کی حمایت بالخصوص خواتین انٹرپرینیورزکی حوصلہ افزائی میں اضافہ کریں گی ۔

(جاری ہے)

اس تعاون سے پاکستان میں تجارت، صحت، تعلیم، ثقافت، صنفی مساوات اور دیگر ترقیاتی پروگراموں کوبھی فروغ حاصل ہوگا۔

رومانیہ کے سفیر آئن ایمیلین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں رومانیہ کے سفارت خانے نے پاکستان میں تجارت، صحت، تعلیم، عوامی سفارتکاری، ثقافت، صنفی مساوات اور ترقی اوردیگر میں تعاون کے مختلف پروگراموں کے ایک وسیع سلسلے پر توجہ مرکوزکررکھی ہے اورسفارتخانہ اچھے شراکت دار تلاش کر رہا ہے۔آل پاکستان بزنس فورم کے صدر ابراہیم قریشی نے APBF کے ساتھ تعاون پر رومانیہ کے سفیرکا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ آل پاکستان بزنس فورم قومی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کرنے کیلئے تعاون کی فرا ہمی پرا پنے نئے ساتھی رومانیہ کے سفارت خانے کا شکر گزار ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم تندہی سے کاروباری رہنماؤں، چیمبرز اور ایسوسی ایشنزکوایک متحدہ پلیٹ فارم پرجمع کرنے کی کوششوں کررہے ہیں تاکہ پاکستانی عوام کے بہتر معیارزندگی کیلئے موثر پالیسیوں کے ذریعے پائیدار ترقی کو یقینی بنا سکیں۔

ابراہیم قریشی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران، APBF نے قومی معیشت کی ترقی کیلئے متعدد قابل قدر خدمات انجام دی ہیں ۔ ہم اپنے مشترکہ اقدار اوردانشمندی کے ذریعے نئے مواقع اور باہمی فوائد پیدا کرنے کیلئے با وسائل تنظیموں اور کاروباری افراد کی نشاندہی کیلئے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔یادرہے آل پاکستان بزنس فورم ابراہیم قریشی کی با صلاحیت قیادت کے تحت ایک متحرک کاروباری ایسوسی ایشن کے طور پر کام کررہی ہے جوکاروباری برادری اورانڈسٹری کے مفادات کوفروغ دیتی ہے ۔

فورم اپنے مینڈیٹ کے ایک حصے کے طور پر منصفانہ کاروباری پالیسیوں اور شفافیت کی وکالت بھی کرتا ہے ۔متنوع تجارتی شعبوں سے تعلق رکھنے والے 2000 تجربہ کارارکان کی نمائندگی کے ساتھ APBF نے سماجی ترقی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے معروف کاروباری اداروں اور انجمنوں کے تعاون سے بھی مختلف اقدامات اٹھائے ہیں۔

متعلقہ عنوان :